’’گورکھپور میں مرنے والے سیدھے جنت جائیں گے، جلنے میں بھی مزہ آئے گا‘‘
03:56PM Thu 18 Feb, 2021
بی جے پی رکن پارلیمنٹ روی کشن نے گورکھپور میں منعقد ایک تقریب کے دوران لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کچھ ایسی باتیں کہیں جس پر کچھ لوگ اپنا سر پیٹ رہے ہیں، تو کچھ ہنستے ہنستے بے حال ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق تقریب میں شامل اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی روی کشن کی کچھ باتوں پر اپنی ہنسی نہیں روک پائے۔
دراصل گورکھپور کے ’راپتی ساحل‘ پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے 16 فروری کو دو گھاٹوں کو عوام کے سپرد کیا تھا۔ اس تقریب میں مقامی رکن پارلیمنٹ روی کشن بھی موجود تھے۔ وہ جب بولنے کے لیے کھڑے ہوئے تو اپنی تقریر کے دوران کہا ’’راپتی گھاٹ (ساحل) پر پہلے کیا ہوتا تھا، سب کو پتہ ہے۔ صبح صبح لوگ یہاں آ جاتے تھے۔ لیکن اب یہاں جو ماحول بنا ہے... یہاں اگر آپ کی موت ہوتی ہے تو ڈائریکٹ جنت میں جائیں گے۔ یہاں جب آپ جلائے جاؤ گے تو کتنا لطف آئے گا جلنے میں۔ یہاں سب کچھ جدید ٹیکنالوجی والا ہے، بالکل الیکٹرک والا ہے... اس لیے نہ پھونکائی میں بھی ٹائم نہیں لگے گا... ڈائریکٹ جنت چلے جاؤ گے۔ لیکن جنت وہی جائے گا جو یہاں صبح صبح پاخانہ نہیں کرے گا۔‘‘ روی کشن کی اس بات پر تقریب میں موجود سبھی لوگ قہقہہ لگا کر ہنسنے لگے اور وزیر اعلیٰ یوگی بھی اپنی ہنسی نہیں روک پائے۔