بھٹکل میں  کورونا ویکسین کے لیے آج بھی جمع ہوئی عوام کی بھیڑ: سرکاری افسران اور پولس کو کرنی پڑی مداخلت

01:20PM Sat 5 Jun, 2021

بھٹکل:  5 جون،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں کل جمعہ کو سوشیل میڈیا پر کورونا ٹیکہ کاری کی خبریں سامنے آنے کے بعد سے بھٹکل کے سرکاری اسپتال  کے مقابل ٹیکہ کاری مرکز میں دو دنوں سے عوام کی بھیڑ جمع ہونی شروع ہوگئی ہے جس پر قابو پانے کے لیے اسپتال انتظامیہ کو پولس کا سہارا لینا پڑرہا ہے۔ آج صبح جیسے ہی ٹیکہ کاری کا عمل شروع ہوا تو کل کی طرح عوام کی بہت زیادہ بھیڑ جمع ہوگئی جسے دیکھتے ہوئے 150 لوگوں میں ٹوکن تقسیم کیے گئے۔تاہم بقیہ لوگوں نے اعتراض جتایا کہ وہ بھی دور دراز علاقوں سے آئے ہیں انہیں بھی کسی طرح سے ویکسین لگائی جائے  جس کے بعد بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر  ممتادیوی، پی ایس آئی دیواکر اور دیگر پولس اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ان کو سمجھانے کی کوشش کی۔ اس موقع پر عوام نے انتظامیہ کو ہی اس کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں پہلے سے ہی صحیح طریقے سے انتظام کیا جاتا تو عوام کی بھیڑ اکٹھی نہیں ہوتی اور نہ سماجی دوری کی دھجیاں اڑائی جاتیں۔ عوام کا کہنا تھا کہ انتطامیہ کو اس سلسلے میں غور کرنا چاہئے اور عوام کی کس طرح سے آسانی کے ساتھ ٹیکہ کاری ہوسکے اس طرف اقدام کرنا چاہئے۔ واضح رہے کہ فی الحال بھٹکل سرکاری اسپتال میں  ویکیسن کی کمی ہونے  کی وجہ سے صرف مخصوص کئے گئے   مختلف شعبہ کےلوگوں کو ہی  کورونا کا ٹیکہ لگوایاجارہا ہے۔  لیکن کل جمعہ کو وہاٹس ایپ  کے ذریعے بتایا گیا تھا کہ 45 سال سے زائد عمر کے لوگ  ٹیکہ کےلئے اسپتال آسکتے ہیں جس کے بعد لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی جس پر قابو پانا اسپتال کے بس سے باہر ہوگیا اور اسپتال والوں کو پولس کی مدد لینی پڑی۔ 45 سال سے زیادہ عمر کی افراد کو لگنے والا ٹیکہ ہوا ختم: بھٹکل سرکاری اسپتال میں 45 سال سے زیادہ عمر کی افراد کو لگنے والا ٹیکہ ختم ہوگیا ہے جس کی جانکاری تعلقہ ہیلتھ افسر ڈاکٹر مورتی راج بھٹ نے دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیکہ ختم ہونے کی وجہ سے کل سے 45 سال سے زیادہ کی عمر والوں کو کورونا ٹیکہ نہیں لگایا جائے گا۔ اس لیے عوام سے درخواست ہے کہ وہ اگلی تاریخ کا انتظار کریں اور بے کار میں بھیڑ نہ کریں۔