ساحلی کرناٹک میں عیدالاضحی کا پہلا دن مکمل: سرکاری ہدایات کی پابندی کرتے ہوئے عوام نے ادا کی مساجد میں ہی دوگانہ

11:56AM Fri 31 Jul, 2020

بھٹکل: 31 جولائی 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹک میں آج بارش اور کورونا کی مہاماری کے دوران عیدالاضحیٰ کا پہلا دن مکمل ہوگیا ہے۔ کورونا انفیکشن کے خطرے اور ریاست میں بڑھ رہے کورونا کے معاملات کو دیکھتے ہوئے حکومت کی طرف سے جاری ہدایات کے مطابق مسلمانوں نے محدودو تعداد کے ساتھ جمعہ و جامع مساجد میں ہی عید کی دوگانہ ادا کی۔ بھٹکل میں بھی آج صبح جامع مسجد، خلیفہ جامع مسجد، مخدومیہ جمعہ مسجد، تنظیم ملیہ مسجد میں 07:00 بجے عید کی دوگانہ ادا کی گئی جبکہ دیگر جمعہ مساجد میں 07:15 بجے عید کی نماز پڑھی گئی۔ نماز کے بعد تمام مساجد میں ائمہ کرام نے عید قرباں کی روح سمجھنے اور اتحاد و اتفاق کے ساتھ رہنے پر زور دیا۔ مساجد میں پوری طرح مسلمانوں نے سرکاری ہدایات کی پابندی کرتے ہوئے نماز ادا کی جس کے بعد اللہ کے حضور جانوروں کی قربانی ادا کی گئی۔