دروپدی مرمو نے نئے صدر جمہوریہ کا حلف لیا

01:14PM Mon 25 Jul, 2022

نئی دہلی: دروپدی مرمو نے پیر کے روز پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں ملک کے 15ویں صدر جمہوریہ کے بطور حلف لیا۔ وہ ملک کی دوسری خاتون اور قبائلی برادری کی پہلی لیڈر ہیں جو ملک کے اس اعلیٰ ترین آئینی عہدے پر پہنچی ہیں۔ چیف جسٹس این وی رمن نے دروپدی مرمو کو اپنے عہدے کا حلف دلایا۔ دروپدی مرمو آزاد ہندوستان میں پیدا ہونے والی ملک کی پہلی اور سب سے کم عمر صدرجمہوریہ ہیں۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والے صدر رام ناتھ کووند کی میعاد پوری ہونے کے بعد یہ عہدہ سنبھالا ہے۔
حلف برداری کی تقریب میں سابق صدر رام ناتھ کووند، نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، مختلف سفارتی مشنوں کے سربراہان اور متعدد معززین موجود تھے۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ حلف لینے کے بعد دروپدی مرمو نے بطور صدر جمہوریہ اپنا پہلا خطاب کیا۔ خطاب کے بعد دروپدی مرمو اور سبکدوش ہونے والے صدر روایتی قافلے میں راشٹرپتی بھون کے لیے روانہ ہوئے۔