این ڈی ٹی وی سے رویش کمار نے دیا استعفی، ایک دن پہلے ہی بورڈ سے ہٹے تھے پرنے رائے اور رادھیکا رائے

03:55PM Wed 30 Nov, 2022

نئی دہلی : این ڈی ٹی میں استعفوں کا دور لگاتار جاری ہے ۔ پرنے رائے اور ان کی اہلیہ نے گزشتہ روز میڈیا ہاوس کو الوداع کہا تھا ۔ بدھ دیر شام ہندی چینل کے سینئر صحافی رویش کمار نے بھی استعفی دیدیا ۔ کمار چینل کے اہم شو ہم لوگ، رویش کی رپورٹ ، دیش کی بات اور پرائم ٹائم سمیت کئی پروگرام کو ہوسٹ کرتے تھے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رویش کمار کے جانے کا اعلان کرتے ہوئے چینل نے ایک اندرونی میل میں کہا کہ ان کا استعفی فوری اثر سے موثر ہے ۔ یعنی اب رویش کمار این ڈی ٹی وی کیلئے شو کرتے ہوئے نظر نہیں آئیں گے ۔ رویش کمار کو ان کی صحافت کیلئے دو مرتبہ رامناتھ گوئنکا ایکسیلینس ان جرنلزم ایوارڈ اور 2019 میں ریمن میگسیسے ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے ۔
بتادیں کہ این ڈی ٹی وی کے مالک اور بانی پرنے رائے اور ان کی اہلیہ رادھیکا رائے بھی نے منگل (29 نومبر 2022) کو آر آر پی آر ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر کے عہدہ سے استعفی دیدیا تھا ۔
بی ایس ای کے ساتھ کی گئی ریگولیٹری فائلنگ میں اس کی جانکاری دی گئی ۔ پرنے رائے اور رادھیکا رائے کے استعفی دینے کے فورا بعد کمپنی کے بورڈ میں تین نئے ڈائریکٹرس کی تقرری کی گئی ۔ ان میں سدیپت بھٹاچاریہ، سنجے پوگلیا اور سینتھل سننیا شامل ہیں ۔