ہاتھرس معاملہ: اتر پردیش میں صدر راج نافذ کرنے کے مطالبہ نے زور پکڑا

04:59AM Fri 2 Oct, 2020

یمنا ایکسپریس وے پر کل ہوئے ہنگامہ کے بعد ہاتھرس واقعہ کے خلاف مظاہروں اور احتجاجوں کا مرکز دہلی بن رہا ہے۔ آج مہاتماگاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر اس واقعہ کے خلاف دہلی کےانڈیا گیٹ پر مظاہرہ کی اپیل کی گئی ہے ۔ ان مظاہروں کے پیش نظر دہلی پولیس نے انڈیا گیٹ کے آس پا س کسی بڑے اجتماع پر پابندی لگائی ہوئی ہے اور تین ستمبر سے دفعہ 144 نافذ ہے۔ دہلی میں مظاہرہ جنتر منتر پر پیشگی اجازت کے بعد کرنے کی اجازت ہے اور اس میں کورونا وبا کی وجہ سے سو سے زیادہ لوگوں کے شرکت کی اجازت نہیں ہے۔ ہاتھرس کی انیس سالہ لڑکی کی اجتماعی زیادتی کے بعد موت اور موت کے بعد رات کے اندھیرے میں آخری رسومات ادا کرنے سے عوام میں زبردست غصہ ہے ۔ اب اتر پردیش میں صدر راج کے نفاذ کے مطالبہ کی گونج بڑھتی جا رہی ہے۔ غازی آباد کے کئی وکیلوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اتر پردیش میں صدر راج نافذ کیا جائے۔ کل اتر پردیش کی سابق وزیر اعلی مایاوتی نے بھی یہ مطالبہ کیا تھا۔کانگریس نے یوگی حکومت کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔