مغربی بنگال : ممتا کی چوٹ پر الیکشن کمیشن کی کارروائی ، ڈی ایم کا تبادلہ اور ایس پی سسپینڈ

03:53PM Sun 14 Mar, 2021

الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی پر نندی گرام میں منصوبہ بند حملہ ہونے کی بات سے انکار کرتے ہوئے اتوار کو اشارہ دیا کہ سیکورٹی میں چوک کی وجہ سے انہیں چوٹیں آئیں ۔ اے این آئی کے مطابق کمیشن نے دو خصوصی آبزرورس اور ریاستی حکومت کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد نتیجہ نکالا کہ ترنمول کانگریس کی لیڈر ممتا بنرجی کو جو چوٹیں آئی ہیں ، وہ ان کی سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھال رہے اہلکاروں کی چوک کا نتیجہ ہے ۔ رپورٹوں کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے کئی ہدایات جاری کئے ہیں ۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن نے وویک سہائے کو سیکورٹی اورجگہ ڈائریکٹر عہدہ سے ہٹادیا ہے ۔ کمیشن نے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندر ان کے خلاف معاملہ طے ہونا چاہئے ۔ زیڈ پلس سیکورٹی یافتہ شخص کی سیکورٹی کی ابتدائی ذمہ داری نبھانے میں وہ پوری طرح ناکام رہے ہیں ۔ نیز الیکشن کمیشن نے آئی پی ایس افسر اسمتا پانڈے کو مشرقی مدناپور کے ڈی ایم اور ڈی ای او (ضلع انتخابی افسر) کے طور پر تعینات کیا ہے ۔ اسمتا پانڈے ، ویبھو گوئل کی جگہ لیں گی ، جنہیں الیکشن ڈیوٹی سے ہٹادیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے نندی گرام واقعہ پر مشرقی مدنا پور کے ایس پی پروین پرکاش کو بھی سسپینڈ کردیا ہے ۔ کمیشن نے کہا کہ بندوبست کر پانے میں ناکام رہنے کی وجہ سے ان کے خلاف معاملہ درج کیا جانا چاہئے ۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب کے سابق ڈی جی پی انٹلی جینس انل کمار شرما کو مغربی بنگال میں اسپیشل پولیس آبزرور کے طور پر تعینات کیا گیا ہے ۔ وویک دوبے کے علاوہ اے کے شرما بنگال میں الیکشن کمیشن کے دوسرے اسپیشل پولیس آبزرور ہیں ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اسٹار کمپینر ہونے کے باوجود ممتا بنرجی بلیٹ پروف یا بختربند گاڑی کا استعمال نہیں کررہی تھیں اور یہ ان کی سیکورٹی کیلئے ذمہ دار لوگوں کی چوک ہے ۔ ذرائع نے اسپیشل الیکشن آبزرور اجے نائک اور وویک دوبے کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے وقت ممتا بنرجی عام گاڑی کا استعمال کررہی تھیں جبکہ ان کے سیکورٹی ڈائریکٹر وویک سہائے بلیٹ پروف کار میں سوار تھے