پاک بھارت پانی تنازعہ: فیصلہ بھارت کے حق میں

03:17PM Tue 19 Feb, 2013

بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعے کا شکار کشن گنگا پن بجلی پروجکٹ پر یورپی شہر ہیگ میں قائم عالمی ثالثی کی عدالت نے بھارت کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ بھارت کی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق سوموار کو دیے جانے والے اس فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے بھارتی وزارتِ خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ ’ہیگ میں قائم ثالثی کی عالمی عدالت کے فیصلے نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ بھارت اپنے کشن گنگا پن بجلی پروجکٹ پر حق بہ جانب ہے اور وہ اپنی ضرورت کے مطابق پانی کے رخ کو موڑ سکتا ہے۔‘ انھوں نے مزید کہا کہا ’اس سے ایک بار پھر یہ بات سامنے آئی ہے کہ بھارت انڈس واٹر ٹریٹی (دریائے سندھ کے پانی کے معاہدے) کے ضابطوں کی پابندی کر رہا ہے۔‘ اس کے ساتھ ہی ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ بھارت اس کے متعلق فیصلوں کا مطالعہ کر رہا ہے۔ بہر حال اس کے متعلق مبصرین کا ماننا ہے کہ اس فیصلے میں کئی شرطیں بھی شامل ہیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ شمال مشرقی ضلع بانڈی پورہ کے گریز خطہ میں کشن گنگا دریا پر زیرِ تعمیر تین سو تیس میگاواٹ صلاحیت والے پن بجلی پروجیکٹ پر پاکستان نے اعتراض کیا تھا اور اس نے اس کے متعلق ہیگ میں واقع ثالثی کی عالمی عدالت میں دو ہزار نو میں شکایت درج کی تھی۔ پاکستان کو خدشہ ہے کہ یہ پروجکٹ اس کے زیرِانتظام کشمیر میں زیرِتعمیر نیلم جہلم پروجکٹ کو متاثر کرے گا، جبکہ بھارت کا اصرار ہے کہ کشن گنگا پروجیکٹ سے پاکستانی منصوبوں پر کوئی برا اثر نہیں پڑے گا۔ بہر حال بھارت اور پاکستان کے درمیان کیے گئے دریا ئے سندھ کے پانی معاہدے کے تحت اب صرف عالمی بینک ایسا ادارہ ہے جہاں غیر جانب دار ماہرین کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان پانی کے تنازعے کو سلجھایا جا سکتا ہے۔ BBC URDU130219053013_jhelum_river_304x171_bbc_nocredit