ریپبلک ٹی وی نے پیسے دے کر خریدی ٹی آر پی ، دو دیگر نیوز چینلوں کا بھی نام : ممبئی پولیس

03:47PM Thu 8 Oct, 2020

ممبئی پولیس کی کرائم برانچ کی ٹیم نے فراڈ ٹی آر پی کے ریکیٹ کا پردہ فاش کرنے کا دعوی کیا ہے ۔ ممبئی پولیس کے کمشنر پرمبیر سنگھ نے جمعرات کو پریس کانفرنس کرکے بتایا کہ بارک کی شکایت کے بعد کرائم برانچ کی ٹیم کو جانچ میں فراڈ ٹی آر پی کے ریکیٹ کا پتہ چلا ہے ۔ پرمبیر سنگھ نے کہا کہ اس ریکیٹ کے ذریعہ ٹی آر پی کو مینوپلیٹ کیا جارہا تھا ۔ سنگھ نے کہا کہ اس کے ذریعہ فرضی ایجنڈہ چلایا جارہا تھا ۔ پرمبیر سنگھ نے بتایا کہ اس ریکیٹ میں اب تک تین نیوز چینلوں کا نام سامنے آیا ہے ، جس میں دو چھوٹے مراٹھی نیوز چینل ہیں ، جس میں سے ایک ہے فکھت مراٹھی اور باکس سنیما ہیں ۔ ان کے علاوہ ریپبلک ٹی وی کا نام بھی سامنے آیا ہے ۔ پرمبیر سنگھ نے بتایا کہ ان دونوں مراٹھی چنلوں کے مالکوں کو جمعرات میں حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں کسی اور نیوز چینل کا نام اگر آتا ہے تو اس پر بھی کارروائی کی جائے گی ۔ ممبئی پولیس کمشنر نے کہا کہ ایسی جانکاری ملی تھی کہ پیسے دے کر ٹی آر پی مینج کی گئی ، جس میں ہنسا نام کی ایک کمپنی کا نام بھی سامنے آیا ہے ۔ ہنسا کمپنی بارک کا کام دیکھتی ہے ۔ ایسے میں ہنسا کے ایک ملازم کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ پرمبیر سنگھ نے بتایا کہ لوگوں کو ماہانہ کے حساب سے پیسے دئے جاتے تھے اور ان سے کہا جاتا تھا کہ وہ کسی خاص چینل کو چلا کر رکھیں بھلے ہی وہ گھر میں ہوں یا نہ ہوں ۔ پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ نے بتایا کہ ان چینلوں کے ایڈورٹائزرس سے پوچھ گچھ کی جائے گی ۔ ریپبلک ٹی وی کے بینک اکاونٹ کی جانچ ہوگی ۔ ایڈورٹائزس سے ملے فنڈ کی جانچ ہوگی ، اگر کچھ قابل اعتراض ہوا تو انہیں منجمد کیا جاسکتا ہے۔
 پولیس کمشنر نے بتایا کہ اس فراڈ کے بارے میں ہنسا کی جانب سے جانکاری دی گئی تھی ، جس میں ہنسا کے کچھ سابق ملازمین اور کچھ موجودہ ملازمین کی ملی بھگت سامنے آئی ہے ۔
ریپبلک ٹی وی نے الزامات کو جھوٹا بتایا ادھر اس معاملہ میں اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ان چیف ارنب گوسوامی نے کہا کہ پرمبیر سنگھ نے ریپبلک ٹی وی پر جھوٹے الزامات لگائے ہیں ، کیونکہ ہم نے سشانت سنگھ راجپوت کیس کی تفتیش پر سوالات اٹھائے تھے ۔ ریپبلک ٹی وی ان کے خلاف مجرمانہ ہتک عزت کا کیس فائل کرے گا ۔