جنتر منتر پرہنگامہ، احتجاج کررہے پہلوانوں اور دہلی پولیس کے درمیان دھکا مکی
05:44AM Thu 4 May, 2023

کل 3 مئی کی رات تقریباً 11 بجے، دہلی کے جنتر منتر پر مظاہرے کر رہے پہلوانوں اور پولیس کے درمیان جھگڑے اور ہنگامے کی خبریں ہیں ۔ نیوز پوٹل اے بی پی پر شائع خبر کے مطابق پہلوانوں کا الزام ہے کہ بارش کی وجہ سے انہوں نے بستر منگوائے تھے جسے پولیس نے لانے سے روک دیا۔ کئی ویڈیو بھی گردش کر رہی ہیں ۔
پہلوان بجرنگ پونیا اور پولیس کے درمیان جھگڑے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ ساتھ ہی ایک ویڈیو میں پہلوان ونیش پھوگاٹ روتے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔ ونیش پھوگاٹ نے سنگین الزامات لگائے ہیں۔ خبر ہے کہ ونیش پھوگاٹ نے پولیس کمشنر کو بجرنگ پونیا نے وزیر داخلہ کو تحریری شکایت بھیجی ہے۔
اس معاملے پر دہلی پولیس کا بیان بھی آیا ہے۔دہلی پولیس نے اس معاملے کو معمولی بحث قرار دیا ہے۔ نیوز پورٹل اے بی پی پر شائع خبر کے مطابق ڈی سی پی پرنب طائل نے کہا، "جنتر منتر پر پہلوانوں کی ہڑتال کے دوران، عام آدمی پارٹی رہنما سومناتھ بھارتی بغیر اجازت کے فولڈنگ بیڈ لے کر احتجاج کے مقام پر پہنچے۔ جب ہم نے مداخلت کی تو حامیوں نے جارحانہ ہو کر ٹرک سے بستر نکالنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد معمولی جھگڑا ہوا اور سومناتھ بھارتی کو دو دیگر کو حراست میں لے لیا گیا۔‘‘
پہلوان بجرنگ پونیا نے الزام لگایا کہ پولیس اہلکاروں نے بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ بدسلوکی اور مارپیٹ کی۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی حمایت کی ضرورت ہے، سب کو دہلی آنا چاہیے۔ پی ٹی آئی کے مطابق، سابق پہلوان راجویر نے کہا، "بارش کی وجہ سے گدے گیلے ہو گئے تھے، اس لیے ہم سونے کے لیے فولڈنگ بیڈ لا رہے تھے لیکن پولیس نے اس کی اجازت نہیں دی"۔اے بی پی پر شائع خبر کے مطابق نشے میں دھت پولیس اہلکار نے ونیش پھوگاٹ کے ساتھ بدسلوکی کی اور پہلوانوں کےساتھ بدتمیزی کی۔
شائع خبر کے مطابق ''انہوں نے ہمیں مارنا شروع کر دیا۔ بجرنگ پونیا کے رشتہ دار دشینت اور راہول کو سر میں چوٹیں آئی ہیں۔ پولیس نے ڈاکٹروں کو بھی موقع پر نہیں آنے دیا۔ یہاں تک کہ لیڈی کانسٹیبل نے ہمارے ساتھ بدتمیزی کی۔‘‘
عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ایم ایل اے سومناتھ بھارتی نے ٹویٹ کیا، ’’صرف اس لیے کہ احتجاج کرنے والی خواتین پہلوان بارش میں رات گزارنے کے لیے فولڈ نگ بیڈ کا مطالبہ کر رہی تھیں اور میں نے ان کے مطالبے کی حمایت کی، مجھے حراست میں لے کر مندر مارگ تھانےلے جایا گیا۔‘‘
ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ پر پہلوانوں نے جنسی استحصال سمیت کئی سنگین الزامات لگائے ہیں۔ پہلوان مسلسل برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پہلوانوں کا کہنا ہے کہ برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری تک وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔ حال ہی میں دہلی میں سات خواتین پہلوانوں کی شکایت کی بنیاد پر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف دو ایف آئی آر درج کی گئیں۔