اوڈیشہ ٹرین حادثہ: مرنے والوں کی تعداد پہنچی 261۔ آخر کیسے ہوگیا اتنا بڑا حادثہ؟

12:01PM Sat 3 Jun, 2023

نئی دہلی : اوڈیشہ کے بالاسور ضلع میں پیش آئے انتہائی بھیانک ریل حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 261 ہوگئی ہے ۔ وہیں 900 سے زیادہ مسافر زخمی ہیں ۔ موصولہ معلومات کے مطابق یہاں جمعہ کی شام سب سے پہلے کورومنڈل ایکسپریس ٹرین وہاں پہلے سے کھڑی ایک مال گاڑی سے ٹکرا گئی ۔ وہیں اس کے بعد پیچھے سے آرہی بنگلورو ۔ ہاوڑہ ایکسپریس ٹرین نے اس کو ٹکر مار دی ۔ اس حادثہ کی جانچ کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے ۔ وہیں حادثہ کی ابتدائی جانچ میں ایسے شارے ملے ہیں کہ اس حادثہ کے پیچھے کی وجہ سگنلنگ سسٹم کی پوری طرح ناکامی ہوسکتی ہے ۔ ساؤتھ ایسٹرن ریلوے کے کمشنر آف ریلوے سیفٹی نے پہلے ہی طے شدہ پروٹوکول کے مطابق اپنی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ وہیں ایس ای آر کی طرف سے کی گئی محکمہ جاتی جانچ میں ابتدائی طور پر اس حادثے کی وجہ سگنلنگ سسٹم کی مکمل ناکامی یا بڑے پیمانے پر انسانی غلطی کو مانا جا رہا ہے۔

ایس ای آر سے متعلقہ محمکوں کے ذریعہ کی گئی ابتدائی جانچ میں اپ سگنلنگ سسٹم کی ایک بڑی خامی نکل کر سامنے آئی ہے ۔ ابتدائی جانچ کے نتیجوں کے مطابق مین یو پی لائن کا سگنل گرین ہونا تھا اور وہاں سے کورو منڈل ایکسپریس کو گزر جانا تھا، لیکن ایسا نہیں ہوا ۔ آر آر آئی (روٹ ریلے انٹرلاکنگ سسٹم) کی پوری طرح سے ناکامی کی وجہ سے 128 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آرہی کورومنڈل ایکسپریس نے پوائنٹ نمبر 17 اے کے پاس بائیں موڑ لیا اور وہاں کھڑی مال گاڑی کو پیچھے سے ٹکر ماردی ۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کورو منڈل ایکسپریس کے 15 ڈبے پٹری سے اتر گئے ۔ سات پوری طرح سے پلٹ گئے ، چار ریل لائن سے اچھل کر دوسرے ڈبوں پر چڑھ گئے ۔
وہیں دوسری طرف جائے واقعہ پر راحت اور امدادی کام اب پورا ہوگیا ہے ۔ افسران نے بتایا کہ ٹرین حادثہ کی وجہ سے زمین میں دھنسے ڈبے کو ہفتہ کو کرین اور بلڈوزر کی مدد سے اوپر لانے کی کوشش کی گئی ۔ یہ آخری ڈبہ تھا، جس تک امدادی کاموں میں مصروف کارکنان پہنچ نہیں پائے تھے ۔ افسران نے بتایا کہ ٹرین کا ایک ڈبہ ایک دیگر ڈبہ کے اس کے اوپر گرنے کی وجہ سے دھنس گیا اور اس کو نکالے جانے کے بعد مہلوکین کی تعداد بڑھنے کا اندیشہ ہے ۔
بھونیشور میں حکام نے بتایا کہ 1200 اہلکاروں کے علاوہ 200 ایمبولینس، 50 بسیں اور 45 موبائل ہیلتھ یونٹ جائے حادثہ پر کام کر رہے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ فضائیہ نے شدید زخمی مسافروں کو نکالنے کے لئے طبی ٹیموں کے ساتھ دو ہیلی کاپٹر بھیجے ہیں۔