کرناٹک حادثہ پر صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم کا اظہارِ افسوس، وزیر اعلیٰ سدارمیا نے معاوضہ کا کیا اعلان

03:52PM Mon 29 May, 2023

کرناٹک میں پیر کے روز پیش آئے اندوہناک سڑک حادثہ میں 10 افراد کی موت ہو گئی تھی۔ دل دہلا دینے والے اس واقعہ پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی اور کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے شدید رنج و ظم کا اظہار کیا ہے۔ اس واقعہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے صدر دروپدی مرمو نے کہا کہ حادثہ کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ میسورو میں ہوئے سڑک حادثے میں بچوں کی بھی موت ہوئی ہے۔ غمزدہ کنبہ کے ساتھ میری ہمدردیاں ہیں۔ زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کے لیے ایشور سے دعا کرتی ہوں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اس واقعہ پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ وہ دل سے دکھی ہیں۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’جن کنبوں نے اپنے قریبیوں کو گنوایا ہے، ان کے ساتھ میری ہمدردیاں ہیں۔ زخمیوں کے جلد صحت یابی کی تمنا کرتا ہوں۔‘‘ وزیر اعظم نے پی ایم فنڈ سے مہلوکین کے کنبہ کو دو لاکھ معاوضہ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے زخمیوں کے لیے بھی معاوضے کا اعلان کیا ہے۔