کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے کی سونیا گاندھی سے ملاقات، اپوزیشن جماعتوں کے خلاف بنایا گیا بڑا پلان

12:27PM Sat 19 Mar, 2022

نئی دہلی: کانگریس کے ’جی 23‘ گروپ کے لیڈروں کی طرف سے ’جامع اور قیادت‘ کا مطالبہ کئے جانے کے دو دنوں کے بعد جمعہ کو اس گروپ کے ایک اہم رکن غلام نبی آزاد نے پارٹی صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔ غلام نبی آزاد نے سونیا گاندھی کی رہائش گاہ ’10 جن پتھ‘ پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔ سونیا گاندھی سے ملاقات سے قبل غلام نبی آزاد کانگریس کے سینئر لیڈر کرن سنگھ کی رہائش گاہ پر جاکر انہیں ہولی کی مبارکباد دی۔ سونیا گاندھی سے ملنے کے بعد سینئر کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) سے پانچ ریاستوں میں شکست کے اسباب پر مشورے طلب کئے گئے تھے۔ کچھ مشورے تھے، جو ان سے شیئر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کو شکست دینے کے لئے متحد ہوکر لڑنے کے لئے پالیسی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سونیا گاندھی سے ملاقات سے پہلے غلام نبی آزاد نے کانگریس کے سینئر لیڈر کرن سنگھ کی رہائش گاہ پر جاکر انہیں ہولی کی مبارکباد دی۔ کانگریس صدر کے ساتھ غلام نبی آزاد کی ملاقات سے ایک دن پہلے جمعرات کو اس گروپ کے رکن بھوپیندر سنگھ ہڈا نے پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی سے ملاقات کی تھی۔
اس سے قبل بدھ کو ’جی23‘ کے لیڈران نے رات کے کھانے پر میٹنگ کی تھی۔ ’جی23‘ گروپ پارٹی میں تنظیمی تبدیلی اور اجتماعی قیادت کا مطالبہ کر رہا ہے۔ حال ہی میں اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شکست کے بعد اس گروپ کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ اس کے ایک اور اہم رکن کپل سبل نے گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ گاندھی فیملی کو کانگریس کی قیادت چھوڑ دینا چاہئے اور کسی دیگر لیڈر کو موقع دینا چاہئے۔ اس کے بعد گاندھی فیملی کے قریبی مانے جانے والے کچھ لیڈروں نے کپل سبل کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔