ایشان کشن آئی پی ایل کے سب سے مہنگے کھلاڑی بنے ، ممبئی انڈینس نے لگائی ریکارڈ بولی
03:31PM Sat 12 Feb, 2022
Share:
بنگلورو : ایشان کشن موجوادہ آئی پی ایل سیزن کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہیں ممبئی انڈینز نے 15.25 کروڑ میں خریدا ہے ۔ وہ پچھلے سیزن میں بھی ممبئی کا ہی حصہ تھے ، لیکن ٹیم نے انہیں برقرار نہیں رکھا تھا ۔ ان کی بیس پرائز 2 کروڑ روپے تھی۔ یعنی وہ 7 گنا زیادہ مہنگے بکے ہیں ۔ ممبئی کے علاوہ دیگر سبھی ٹیموں نے ایشان کشن پر کافی زیادہ بولی لگائی۔ روہت شرما کی کپتانی میں ممبئی نے آئی پی ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نیلامی میں کسی کھلاڑی پر 10 کروڑ یا اس سے زیادہ کی بولی لگائی ہے ۔ گزشتہ سیزن میں انہیں 6.2 کروڑ روپے ملے تھے ۔ یعنی انہیں تقریباً 9 کروڑ روپے زیادہ ملے ہیں ۔
ٹی ٹوینٹی میں 23 سالہ ایشان کشن کا ریکارڈ شاندار رہا ہے۔ انہوں نے 104 اننگز میں 28 کی اوسط سے 2726 رنز بنائے ہیں ۔ وہ 2 سنچریاں اور 15 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں ۔ اس وکٹ کیپر بلے باز کا اسٹرائیک ریٹ 135 ہے ، جو ٹی ٹوینٹی کے لحاظ سے بہترین ہے ۔ اس کی وجہ سے 5 مرتبہ کی چیمپئن ممبئی انڈینز کی ٹیم نے ان پر اتنی بڑی بولی لگائی ہے ۔ انہوں نے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں بھی شرکت کی تھی ۔ حال ہی میں وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں روہت شرما کے ساتھ اوپننگ کرتے ہوئے بھی نظر آئے تھے ۔
حالانکہ ممبئی انڈینز کے کئی کھلاڑی دوسری ٹیموں میں جا چکے ہیں۔ یہ اہم طور پر ہاردک پانڈیا، کرونال پانڈیا، کوئنٹن ڈی کاک اور ٹرینٹ بولٹ پر شامل ہیں ۔
ایشان کشن آئی پی ایل کی نیلامی میں خریدے جانے والے دوسرے مہنگے ترین ہندوستانی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں ۔ 2015 میں یوراج سنگھ 16 کروڑ روپے میں فروخت ہوئے تھے ۔ ایشان کشن پہلے بھی کہتے رہے ہیں کہ ممبئی انڈینز ان کی پسندیدہ ٹیم ہے ۔ اس مرتبہ لیگ کے میچ مہاراشٹرا میں ہی ہو سکتے ہیں۔ وہ پہلے سے ہی ٹیم سے وابستہ رہے ہیں ، اس سے ٹیم کو فائدہ ہو سکتا ہے ۔