بھٹکل میں مختلف مقامات پر جراثیم کش دوائیوں کا چھڑکاؤ

12:23PM Wed 5 May, 2021

بھٹکل: 5 مئی،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست اور ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر کے بعد کورونا کے معاملات میں اضافے کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ  کورونا کے انفیکشن کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے نظر آرہی ہے۔ جہاں ایک طرف بھٹکل میں انتظامیہ کی طرف سے عوام کو ماسک پہننے اور سماجی دوری برقرار رکھنے کا پابند بنایا جارہا ہے وہیں دوسری طرف کورونا کے جراثیم کا صفایا کرنے جراثیم کش دوائیوں کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو اس کے انفیکشن سے بچایا جا سکے۔ اسی ضمن میں آج بھٹکل کے فائیر بریگیڈ عملے نے سرکاری اسپتال، منی ودھان سودھا کی عمارت، بھٹکل مین بازار، ٹی ایم سی عمارت اور مختلف مقامات پرسوڈیم ہائپر کلورائیڈ کا چھڑکاؤ کرکے انہیں سینیٹائز کیا ۔ واضح رہے کہ بھٹکل تعلقہ میں  فی الحال 117کورونا متاثرین ہیں ، مزید 41افراد کی رپورٹ پوزیٹیو ہونے  کی اطلاعات ہیں۔ کل25 کورونا مریضوں کا بھٹکل کے سرکاری اسپتال میں علاج جاری ہے۔