بھٹکل میں آوارہ کتوں کا قہر جاری: آج پھر دو بچوں سمیت تین لوگوں پر کتوں کا حملہ

12:29PM Sat 8 Jul, 2023

بھٹکل: 8 جولائی 23 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں بارش کے شروعات کے ساتھ ہی آوارہ کتوں کے حملوں کی خبروں میں بھی اضافہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے ۔ یہاں گزشتہ روز مدینہ کالونی اور عمر اسٹریٹ کے آس پاس کے علاقوں میں کتوں کے حملوں کے بعد آج مخدوم کالونی اور ڈونگر پلی میں تین افراد کتوں کے حملے کا شکار بنے ہیں جن میں دو چھوٹے بچے بھی شامل ہیں۔ ان کی شناخت مخدوم کالونی کے علی ملپا (5)، تینگنگونڈی کے رہنے والے اسکول وین ڈرائیور ابو محمد (50) اورڈونگرپلی کے ابراہیم سِیان سدی باپا کے طور پر کی گئی ہے۔ اطلاع کے مطابق مخدوم کالونی میں آج دوپہر کو جیسے ہی اسکول ٹیمپو نے بچے کو نیچے اتارا تو کچھ ہی لمحوں میں ایک کتا اس بچے پر لپک پڑا جس کو بچانے کے لیے ٹیمپو ڈرائیور سامنے آیا تو کتے نے ٹیمپو ڈرائیور کو بھی نہیں بخشا اور بچے کے ساتھ ساتھ اسے بھی زخمی کردیا۔ جبکہ سیان نامی لڑکا ڈونگر پلی میں اپنے والد  کے ساتھ گھوم رہا تھا کہ ایک کتے نے اس پر حملہ کردیا تاہم والد کے قریب ہونے کی وجہ سے بچہ زیادہ زخمی نہیں ہوسکا ۔ تینوں زخمیوں  کو بھٹکل سرکاری اسپتال  لے جاکر انجکشن سمیت مرہم پٹی کی گئی ہے۔