بارش سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے بھٹکل پہنچے وزیر اعلیٰ : مٹھلی میں مہلوکین کےاہل خانہ میں تقسیم کیا معاوضہ ۔ بھٹکل میں نقصانات کی بھرپائی کے لیے چالیس کروڑ روپئے جاری کرنے کا اعلان

05:17PM Wed 3 Aug, 2022

بھٹکل: 3 اگست،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  بھٹکل میں ایک ہی دن میں  ہوئی بارش کے بعد سامنے آئی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے آج وزیر اعلیٰ بسوراج بومائی بھٹکل آئے ہوئےتھے  جہاں انہوں نے بھٹکل میں ہوئی تباہ کاریوں کی بھرپائی کے لیے چالیس کروڑ روپئے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس موقع پر مٹھلی میں مکان دب جانے سے ہلاک ہونے والے چار افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرنے وزیر اعلیٰ ان کے گھر بھی پہنچے تھے اور وہاں انہوں نے اہل خانہ سے مل کر فی کس پانچ لاکھ کے حساب سے  بیس لاکھ کا  سرکاری معاوضہ تقسیم کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  کہ بارش سے آئی تباہ کاریوں کی باز آباد کاری کے لیے پورے کرناٹک میں 500 کروڑ روپئے کا امدادی فنڈ جاری کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے کل چودہ اضلاع میں  بارش سے نقصانار ہوئے ہیں  جن میں اتر کینرا اور ٹمکور میں چار چار لوگ ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 600 گھروں کا نقصان ہوا ہے اسی طرح 121171 ہیکڑ ذراعتی زمین کو نقصان پہنچا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ضلع میں ملٹی اسپیاشلٹی اسپتال کے قیام کے متعلق جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ جلد کاروار میں موجود میڈیکل کالج کا دورہ کرکے جائزہ لیں گے اور وہاں سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔