بھٹکل کے تاریخی مقام پر مینگلور کی مصنفہ کی لکھی کتاب ’نوائطی آف بھٹکل‘ کا اجراء: نوائطی مشاعرے اور کوئز کا بھی ہوا انعقاد

02:31PM Mon 15 Feb, 2021

بھٹکل 15؍ فروری 2021(بھٹکلیس نیوز بیورو) مینگلور کے کونکنی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی ہرشا شنکر بھٹ  کی تحقیقاتی کتاب ’نوائطی آف بھٹکل‘ کا اجراء بھٹکل کے مشہور تاریخی مقام ناؤجے فاتر پر نوائط محفل، سن شائین اسپورٹس سینٹر اور وشوا کونکنی کیندرا  کی طرف سے مشترکہ پروگرام میں نوائط محفل کے صدر جناب عبدالرحمان محتشم کے ہاتھوں عمل میں آیا جہاں کونکنی کمیونٹی کی شخصیات سمیت بھٹکل کی مشہور شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر مصنفہ ہرشا بھٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل کے لوگ بڑے ہی کھلے ذہن کے ہیں اسی وجہ سے انہوں نے جب اس زبان پر تحقیق کا ارادہ کیا تو یہاں کے لوگوں نے ان کا بھر پور ساتھ دیا جس کے نتیجے میں یہ کتاب تحریر میں آئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوائطی افراد جہاں بھی جاتے ہیں وہ اپنے شہر کو اور اپنی تہذیب کو یاد رکھتے ہیں جس کا نتیجہ ہے کہ وہ جس جگہ بھی جاکر کمائیں واپس یہیں آتے ہیں اور یہیں پر گزارا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس کتاب کے لکھنے مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار مجھے میرے والد نے کہا تھا کہ بھٹکل کے مسلمان ایک الگ ہی  کونکنی بولی بولتے ہیں جس کے بعد مجھے اس کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کا شوق پیدا ہوا جس کے بعد یہ کتاب وجود میں آئی۔ انہوں نے آگے بھی نوائط اور نوائطی کے بارے میں اپنی تحریر جاری رکھنے کی بھی بات کہی۔   اس موقع پر انہوں نے معروف نائطی شاعر مرحوم شبیر بائیدا کی نظم   "آپوتاتمکا گاوں یا"  اپنی مترنم آواز میں پڑھ کر سنائی اور حاضرین سے داد وصول کی۔ گرو دت بنٹوال نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ کے اعتبار سے وہاں کی زبان میں بھی فرق محسوس ہوتا ہے یعنی ہر پندرہ کلومیٹر پر زبان میں تھوڑی بہت تبدیلی آہی جاتی ہے اور جہاں کے لوگ جس طرح کی بات کرتے ہیں وہ ان کی طرف منسوب کی جاتی ہے۔ انہوں نے ریسرچ کے میدان میں مل جل کر کام کرنے کی پیشکش بھی کی اور کونکنی ورلڈ اسوسی ایشن کی طرف سے بھر پور تعاون دینے کی بھی بات کہی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نوائطی و کنڑا  ترجمہ کے ساتھ ہوا جس کے بعد نعت کا نذرانہ پیش کیا گیا۔تقریب میں  سن شائین کا ترانہ بھی پیش کیا گیا اور معروف نائطی شاعر سمیع اللہ برماور نے اپنی ایک نظم بھی  پڑھ کر سنائی۔ وشوا کوکنی کیندرا کے  صدربستی وامن شینائی نے صدارت کی۔ مہمان خصوصی کے طور پر مولانا الیاس جاکٹی ندوی صاحب  ، ہانگیو کے مالک پردیپ پائی اور نائب صدر تنظیم جناب عتیق الرحمن مُنیری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ جناب عتیق الرحمن شاہ بندری نے  پروگرام  کی نظامت کی۔ اسٹیج پر قمر سعدا صاحب، جناب مولانا عبدالعلیم قاسمی صاحب، سن شائین کے جنرل سکریٹری  جنا ب قیصر محتشم،   جناب صدیق اسماعیل،   جناب جعفر محتشم،  کے وی کھاروی، وسنت کھاروی،  پوجا وی نائک، جناب  زُبیر جوکاکو وغیرہ موجود تھے۔ اس تقریب کے بعد رات قریب 9 بجے نوائطی مشاعرہ اور قومی نوائط کی مرحوم شخصیات پر مشتمل کوئز کا بھی انعقاد کیا گیا جس سے سامعین بہت محظوظ ہوئے۔