گیان واپی ۔ شرنگار گوری کیس میں بڑا موڑ، مندر فریق کی عرضی گزار راکھی سنگھ واپس لیں گی کیس

01:18PM Sun 8 May, 2022

وارانسی : اترپردیش سمیت ملک بھر میں ان دنوں سرخیوں میں رہے گیان واپی مسجد اور شرنگار گوری مندر کیس میں اتوار کو بڑا موڑ آتا ہوا نظر آرہا ہے ۔ وشو ویدک سناتن سنگھ نے وارانسی کے اس مشہور مسجد احاطہ میں واقع شرنگار گوری کے مستقل درشن اور پوجا ارچنا کیلئے عدالت میں داخل عرضی واپس لینے کا اعلان کیا ہے ۔ سناتن سنگھ کے سربراہ جتیندر سنگھ بسین نے اتوار کو خود یہ جانکاری دی ۔ جتیندر بسین کی قیادت میں ہی ان کی بھتیجی راکھی سنگھ سمیت پانچ خواتین نے وارانسی کی ضلع عدالت میں عرضی داخل کی تھی ۔ جتیندر سنگھ نے نیوز18 کو بتایا کہ راکھی سنگھ کل دہلی سے وارانسی پہنچیں گی اور مندر فریق کی طرف سے اپنا مقدمہ واپس لیں گی ۔ حالانکہ انہوں نے اچانک مقدمہ واپس لینے کے پیچھے کی وجہ نہیں بتائی ۔ بتادیں کہ دہلی کی راکھی سنگھ ، لکشمی دیوی ، سیتا ساہو اور دیگر کی یومیہ پوجا اور شرنگار گوری میں انوشٹھان کرنے کی اجازت کی مانگ کرنے والی عرضی پر مذہبی مقام کی ویڈیو گرافی اور سروے کرنے کیلئے اسی عدالت کے پہلے کے حکم پر عمل شروع کیا گیا ہے ۔ انہوں نے 18 اپریل 2021 کو اپنی عرضی کے ساتھ عدالت کا رخ کیا تھا اور مخالفین کو مورتیوں کو نقصان پہنچانے سے روکنے کی مانگ کی تھی ۔ (نیوز۔18)