مغربی بنگال : بی جے پی کو جھٹکا ، ممبر پارلیمنٹ سومتر خان کی اہلیہ سجاتا منڈل ٹی ایم سی میں شامل
04:29PM Mon 21 Dec, 2020
مغربی بنگال میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے سیاسی ہلچل بڑھ گئی ہے ۔ دو دن پہلے وزیر داخلہ امت شاہ کے بنگال دورے کے دوران ترنمول کانگریس کے کچھ بڑے لیڈران بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے ، لیکن اب بی جے پی کو ریاست میں جھٹکا لگا ہے ۔ پیر کو بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ سومتر خان کی اہلیہ سجانا منڈل ترنمول کانگریس میں شامل ہوگئیں ۔ دو دن پہلے ہی سویندر ادھیکاری ٹی ایم سی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے تھے ۔ سومتر خان بنگال میں بی جے پی یووا مورچہ کے صدر بھی ہیں ۔
ٹی ایم سی میں شامل ہوتے وقت سجاتا منڈل کے ساتھ ترنمول ممبر پارلیمنٹ سوگت رائے اور ترجمان کنال گھوش بھی موجود تھے ۔ سجاتا نے اس موقع پر الزام لگایا کہ بی جے پی اب موقع پرستوں اور داغیوں کی پارٹی بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ریاست میں پارٹی کو آگے بڑھانے کا کام کیا تھا ، لیکن اب بی جے پی میں کوئی عزت نہیں ہے ۔ ایک خاتون ہونے کے ناطے میرے لئے پارٹی میں رہنا مشکل تھا ۔
پرشانت کشور کا دعوی
اس درمیان پرشانت کشور نے پیر کو ٹویٹر پر دعوی کیا کہ مغربی بنگال میں اگلے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو دہائی کا اعداد و شمار پار کرنے کیلئے بھی مشقت کرنی پڑے گی ۔ ترنمول کانگریس صدر ممتا بنرجی نے کشور کو اپنا انتخابی صلاح کار بنایا ہے ۔
پرشانت کشور نے پیر کو ٹویٹ کرکے کہا کہ میڈیا کا ایک طبقہ بی جے پی کی حمایت میں ماحول بنانے کی کوشش کررہا ہے ، اس سے صاف ہے کہ بی جے پی دہائی کے اعداد و شمار کیلئے جدوجہد کررہی ہے ۔ اگر بنگال میں بہتر کارکردگی کرتی ہے تو میں ٹویٹر چھوڑ دوں گا ۔
بتادیں کہ بہار اسمبلی انتخابات میں جیت حاصل کرنے کے بعد بی جے پی کیلئے مغربی بنگال فتح کرنا کافی اہم ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ بی جے پی کے سینئر لیڈران مسلسل بنگال کا دورہ کررہے ہیں ۔ مغربی بنگال کے دو روزہ دورے پر امت شاہ نے کئی پروگراموں میں حصہ لیا ۔ امت شاہ نے کہا کہ بی جے پی بنگال میں 200 سے زیادہ سیٹیں جیت رہی ہے