بیس لاکھ عازمین حج کی خدمت کی تیاری کر رہے ہیں: سعودی عرب
12:03PM Wed 25 Jan, 2023
الریاض: سعودی عرب کے حج و عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ مملکت 20 لاکھ عازمین حج کی خدمت کی تیاری کر رہی ہے جن میں جمہوریہ الجزائر کے 41 ہزار عازمین بھی شامل ہیں۔ یہ بات دونوں ممالک کے سرکاری اداروں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے مقصد کے ساتھ سٹریٹجک میٹنگوں کے ایک حصے کے طور پر وزیر کی الجزائر کے متعدد عہدیداروں کے ساتھ ملاقاتوں کے درمیان کی گئی۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ان کے قابل اعتماد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی حکومت کی خواہش ہے کہ حج کے تمام طریقہ کار کو آسان بنایا جائے اور ایسی قانون سازی کی جائے جو دنیا بھر میں مسلمانوں کی سب سے بڑی تعداد کو مقدس مقامات کی زیارت کے قابل بنائے۔ سعودی عرب ضیوف الرحمن کی خدمت کے لیے کوشاں ہے۔
الجزائر کے وزیر مذہبی امور ڈاکٹر یوسف بلمھدی کے ساتھ منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مملکت کی طرف سے الجزائر کے زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تذکریہ کیا۔ انہوں نے کہا مملکت میں ہر قسم کے پاسپورٹ کے ساتھ عمرہ کیا جا سکتاہے، 24 گھنٹے میں ویزا جاری کرنے کو ممکن بنایا گیا، خواتین کے لیے محرم کی موجودگی کی شرط کو ختم کردیا گیا ہے۔
بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ