بلی بائی ایپ: بنگلورو سے گرفتار پہلا ملزم کورونا پازیٹیو، دو ملزمین کی پولیس حراست 14 جنوری تک بڑھی

01:29PM Mon 10 Jan, 2022

ممبئی : بلی بائی ایپ (Bulli Bai Case) معاملہ میں ممبئی پولیس کے ذریعہ گرفتار کئے گئے پہلے ملزم وشال کمار جھا کی کووڈ 19 جانچ رپورٹ پازیٹیو آئی ہے ، جس کے بعد اس کو بی ایم سی (BMC) کے ذریعہ چلنے والے ایک کوارنٹائن سینٹر میں بھرتی کرایا گیا ہے ۔ ملزم کے وکیل نے پیر کو اس کی تصدیق کی ۔ بنگلورو سے گرفتار ملزم وشال کمار جھا کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہونے پر اس کو 24 جنوری تک کیلئے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے ۔ اس سے پہلے ممبئی کی ایک عدالت نے بلی بائی ایپ معاملہ میں اتراکھنڈ سے گرفتار ملزمین شویتا سنگھ اور مینک راول کی پولیس حراست کی مدت پیر کو بڑھا کر 14 جنوری تک کردی ۔ بلی بائی ایپ معاملہ میں مسلم خواتین کی چھیڑ چھاڑ کی گئی تصویروں کو اپ لوڈ کرکے انہیں نیلامی کیلئے رکھا گیا تھا ۔ پولیس نے پیر کو شویتا سنگھ (18) اور مینک راول (21) کی پولیس حراست کی مدت بڑھانے کی درخواست کرتے ہوئے باندرہ کے میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کو بتایا کہ معاملہ ابھی اہم مرحلہ میں ہے ، اس لئے ملزمین سے پوچھ گچھ ضروری ہے ۔ سنگھ اور راول کو ممبئی پولیس کی سائبر سیل نے پانچ جنوری کو اتراکھنڈ سے گرفتار کیا تھا ، جبکہ جھا کو چار جنوری کو بنگلورو سے گرفتار کیا گیا تھا ۔ پولیس نے اس سے پہلے دعوی کیا تھا کہ شویتا سنگھ معاملہ میں اہم ملزم ہے اور اسی نے ایپ کیلئے ٹویٹر ہینڈل بنایا تھا ۔ دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے بھی اس سلسلہ میں معاملہ درج کرکے چھ جنوری کو آسام سے نیرج بشنوئی کو گرفتار کیا تھا ۔ پولیس کے مطابق یہ ایپ بشنوئی نے ڈیولپ کیا ہے ۔