US VP JD Vance's house attacked: Windows smashed at Ohio residence; suspect in custody

09:17PM Mon 5 Jan, 2026

واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے گھر پر حملے سے امریکہ میں ہڑکمپ مچ گیا ہے۔ امریکی نائب صدر کے اوہائیو میں واقع گھر پر آج علی الصبح حملہ ہوا ۔ اس حملے میں ان کے گھر کی کھڑکیوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ اس خبر نے امریکہ میں ہلچل مچادی ہے۔ ہر کوئی یہ خبر سن کر دنگ ہے کہ اتنے ہائی سیکورٹی علاقے میں  کسی نامعلوم شخص کی رسائی کیسے ممکن ہوپائی۔حالانکہ سیکرٹ سروس اور سنسناٹی پولیس نے فوری کارو ائی کر تے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق جے ڈی وینس کے گھر پر رات بھر اس وقت کافی ہلچل نظر آئی جب ا ن کی پراپرٹی کے پاس ایک درانداز کو دیکھا گیا۔اس کے بعد یو ایس سیکرٹ سروس اور سنسناٹی پولیس فوری طور پر حرکت میں آئی اور مشتبہ شخص کو دبو چ لیا۔ یہ واقعہ ولیم ہاورڈ ٹافٹ ڈرائیو پر ایسٹ والنٹ ہلز کے علاقے میں وینس کے گھر میں پیش آیا ہے۔

 

سنسناٹی پولیس کے ایک ڈسپیچر نے FOX19 NOW کو بتایا کہ یو ایس سیکرٹ سروس کے ایک افسر نے 12:15 بجے کے قریب گھر کے قریب ایک شخص کو “مشرق کی طرف بھاگتے ہوئے” دیکھ کر مقامی پولیس کو آگاہ کیا، اہلکار نے بتایا کہ واقعے کے وقت جے ڈی وینس کا خاندان گھر پر نہیں تھا، اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق، حکام کو یقین نہیں ہے کہ یہ شخص نائب صدر کے گھر میں داخل ہوا تھا۔

 

مقامی میڈیا کی تصاویر میں کھڑکیاں ٹوٹی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں، حالانکہ صحیح حالات ابھی تک واضح نہیں ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ایک اہلکار نے CNN کو بتایا کہ حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا یہ واقعہ وینس یا ان کے خاندان کے افراد کو نشانہ بنانے کی دانستہ کوشش تھی یاکچھ اور تھا۔