مینگلور میں دو مقامات پر اشتعال انگیز پیغامات لکھنے کے الزام میں پولس نے دو نوجوانوں کو کیا گرفتار

02:46PM Sat 5 Dec, 2020

مینگلورو: 5 دسمبر،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو۔ ذرائع) چند دنوں پہلے منگلورو شہر میں دو مقامات پر لشکر طیبہ اور طالبان کی حمایت میں اشتعال انگیزپیغام لکھنے کے الزام میں منگلورو سٹی پولیس نے آج دو نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے جس کی اطلاع آج یہاں منعقد اخباری کانفرنس میں پولس کمشنر  وکاس کمار وکاس نے اخباری نمائندوں کو دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  گرفتار ملزمین کی شناخت محمد شارق اور معاذ منیر احمد کی حیثیت سے کی گئی ہے جن کا تعلق تیرتھ ہلی سے بتایا گیا ہے۔ ان میں سے ایک ملزم شارق (22) نے بی کوم مکمل کیا ہے اور اس کی ایک کپڑوں کی دکان ہے جبکہ معاذ منیر احمد (21) کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ مینگلور میں ایک پرائیویٹ کالج میں  بی ٹیک مکمل کر رہا ہے اور  آریا سماج روڈ پر ایک کرایہ کے کمرے میں مقیم ہے۔ پولس کمشنر نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ  ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ انہوں نے سستی شہرت کمانے کے لیے یہ کام کیا ہے ۔جس کے لیے انہوں نے پہلے کورٹ روڈ پر  اشتعال انگیز پیغام لکھا اور اس کے تین ہفتوں بعد بیجائی میں دیواروں پر انگریزی اسکرپٹ میں عربی پیغامات لکھے۔ پولس کمشنر نے مزید بتایا کہ انہیں سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر تحقیقات کے بعد گرفتار کیا گیا  ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں عدالت میں پیش کرنے کے بعدمزید چھان بین کے لیے  پولس حراست میں لیا جائے گا۔جس میں ان کے ممنوعہ تنظیموں کے ساتھ روابط کا بھی پتہ لگا یا جائے گا۔ واضح رہے کہ  منگلورو کے ایک اپارٹمنٹ کی دیوار پر لشکر طیبہ اور طالبان کی حمایت میں اسپرے پینٹ سے لکھے گئے  ان اشتعال انگیز پیغامات پر مینگلور میں ایس ڈی پی آئی، پاپولر فرنٹ آف انڈیا سمیت  مختلف  شخصیات اور تنظیموں کی طرف سے مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے اس واقعے کی گہرائی کے ساتھ جانچ کرنے کا مطالبہ کیاگیا تھا۔