بھٹکل واطراف میں امسال ایک لاکھ پندرہ ہزار سے زائد کلو فطرہ چاول کی تقسیم
04:21PM Fri 19 May, 2023
بھٹکل: 19 مئی،2023 (موصولہ رپورٹ) مرکزی فطرہ کمیٹی بھٹکل (کرناٹک) کے زیر اہتمام بھٹکل میں امسال الحمد للہ تقریباً ایک لاکھ پندرہ ہزار سے زائد کلو چاول جمع ہوا اور عیدالفطر کی رات ہی اس کی تقسیم عمل میں آئی۔
مرکزی فطرہ کمیٹی بھٹکل کے کنوینر مولانا محمد الیاس صاحب ندوی بھٹکلی نے بتا یا کہ اس سلسلہ میں بھٹکل، ہوناور وکمٹہ، شیرور وآس پاس میں 58حلقے بنائے گئے تھے،جہاں مختلف محلوں سے جمع شدہ فطرہ کی تقسیم عمل میں آئی،اس سلسلہ میں بیرون بھٹکل کی جماعتوں وغیرہ سے امسال حسب معمول میں چاول موصول ہوا جو شیرورسے بشمول بھٹکل،ہوناور اور کمٹہ تک کے دو ہزارچھیالیس (2046) خاندانوں میں تقسیم کیا گیا،اوسطاً ہر خاندان کو50کلو اور زیادہ سے زیادہ بعض نادار اور معذور بڑے خاندانوں کو ایک کوئنٹل تک چا ول دیا گیا،اس سال دوسری دفعہ بھٹکل وآس پاس کے تمام حلقوں میں باسمتی چاول بھی تمام خاندانوں میں تقسیم کیا گیا۔
اطلاع کے مطابق تقسیم فطرہ کے دائرے کو وسعت دیتے ہوئے شراوتی بیلٹ پر واقع ولکی وہوناور وغیرہ کے اطراف کے علاقوں کو بھی گذشتہ سال سے اس میں شامل کیا گیا تھا۔
حسب سابق امسال بھی تمام حلقوں میں از سر نو سروے کیا گیا اور اس سلسلہ میں رمضان المبارک میں فطرہ کمیٹی کی دو مشاورتی نشستیں منعقد ہوئیں، بھٹکل میں اجتماعی طور پر فطرہ کی تقسیم کا یہ مستحسن کام الحمدللہ گذشتہ 38سال سے جاری ہے اور الحمدللہ اس میں ہر سال ترقی ہورہی ہے، اس سلسلہ میں بیرون بھٹکل مقیم بھٹکلی جماعتوں اور مختلف محلوں واسپورٹس سینٹر وں کے نوجوانوں کے تعاون اور مقامی علماء ونوجوان کی خصوصی دلچسپی کوفراموش نہیں کیا جاسکتا۔
اس سال جمع وتقسیم فطرہ کا جائزہ لینے او ر اس کام کو مزید مستحکم کرنے کے سلسلہ میں فطرہ کمیٹی کے ممبران کی عیدملن نشست مع ظہرانہ بروز پیر صبح 00-11بجے منعقد ہوئی جس میں خلیجی ممالک میں مقیم بھٹکل مسلم جماعتوں کے ذمہ داران کے علاوہ بھٹکل میں قائم مرکزی تعلیمی وسماجی اداروں جماعتوں،تنظیم،انجمن اور جامعہ کے عہدہ داران،عمائدین اور شہر کے علماء بھی موجود تھے، جلسہ کی نظامت جناب سید پرویز صاحب نائب کنوینر مرکزی فطرہ کمیٹی نے کی،جناب مولانا خواجہ صاحب اکرمی ندوی(قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین) مولانا طلحہ صاحب ندوی(ناظم جامعہ اسلامیہ بھٹکل) جناب یونس صاحب قاضیا (صدر شراوتی مسلم کونسل) جناب عتیق الرحمن صاحب منیری (سکریٹری جنرل بھٹکل مسلم خلیج ونائب صدر مجلس اصلاح وتنظیم)جناب مولانا نعمت اللہ صاحب عسکری ندوی (استاذ جامعہ اسلامیہ بھٹکل) اور جناب صادق صاحب پلور (نائب صدر انجمن حامئی مسلمین)نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ممبران کی ہمت افزائی فرمائی اور اس سلسلہ میں کام کی توسیع و استحکام کے سلسلہ میں اپنے مفید مشوروں وتجاویز سے نوازا،مولانا خواجہ صاحب اکرمی ندوی کی دعا اور پر تکلف ظہرانہ پربعد نماز ظہر نشست کا اختتام ہوا۔