UK district to vote in Lok Sabha polls on May 7

05:22PM Sun 17 Mar, 2024

بھٹکل : 17 مارچ، 2024 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کل ملک کی راجدھانی نئی دہلی میں الیکشن کمشنر راجیو کمار کی طرف سے لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق ملک بھر میں 19 اپریل سے یکم مارچ تک 7 مراحل میں پولنگ ہوگی اور 4 جون کو انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔

الیکشن کمشنر کے اعلان کے مطابق ریاست کرناٹک میں دو مرحلوں میں انتخابات ہوں گے، جس کے تحت بھٹکل سمیت اُترکنڑا میں 7/مئی کو انتخابات ہوں گے، جبکہ پڑوسی اضلاع اُڈپی۔چکمنگلور، دکشن کنڑا،   ہاسن، مینگلورو اور بینگلورو وغیرہ میں   26/اپریل کو انتخابات ہوں گے۔

اطلاع کے مطابق  بھٹکل میں 140 پولنگ بوتھ کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جس میں بھٹکل کے مضافاتی علاقوں کے 102 اور بھٹکل میونسپل حدود اور جالی پٹن پنچایت حدود کے 38 پولنگ بوتھ  شامل ہیں۔ اسی طرح ہوناور میں  102  پولنگ بوتھ کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں مضافاتی علاقوں میں 92 اور ٹاون میں 16 بوتھ شامل ہیں۔

جنوری 22، کو جاری کی گئی  ووٹر لسٹ کے مطابق بھٹکل میں  ووٹروں کی تعداد  136587 اور ہوناور میں  88541  ہیں  جس میں بھٹکل میں 360اور ہوناور میں 260  وی آئی پی ووٹروں کی شناخت کی گئی ہے۔بھٹکل تعلقہ میں 6 پولنگ اور ہوناور تعلقہ میں 3 پولنگ بوتھ ہیں۔

اس کے چلتے ضلع اتر کینرا کی ڈپٹی کمشنر اور ضلع کی الیکشن افسر گنگو بائی نے اخباری کانفرنس منعقد  کرکے ضلع میں  فوری طور پر ضابطہ اخلاق  نافذ ہونے کا اعلان کیا ہے ۔

گنگوبائی مانکر نے بتایا کہ ضلع  اُترکنڑا میں لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے 12 اپریل کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی  آخری تاریخ 19  اپریل ہے۔  کاغذات نامزدگی کی تصدیق اپریل  20 کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 22/اپریل ہے۔ اور  ووٹنگ 7 مئی کو ہوگی ۔ اسی طرح  ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔

اُترکنڑا لوک سبھا حلقہ میں آٹھ اسمبلی حلقے ہوں گے جس میں  بھٹکل، کمٹہ، کاروار، سرسی، یلاپور، ہلیال، کِتّور، خانہ پور شامل ہیں۔ اُترکنڑا لوک سبھا حلقہ میں   16,22,857 ووٹر ہوں گے، جس میں  8,15,599 مرد ،  8,07,242 خواتین  اور16 دیگر صنفی ووٹرز شامل ہیں۔  جس کے لئے جملہ  1977 پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے۔