چرنجیت سنگھ چننی ہی ہوں گے پنجاب میں کانگریس کے سی ایم عہدہ کے امیدوار، راہل گاندھی نے کیا اعلان

03:41PM Sun 6 Feb, 2022

چنڈی گڑھ : وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چننی ہی اگلے پنجاب اسمبلی میں کانگریس کے وزیر اعلی عہدہ کے امیدوار ہوں گے ۔ لدھیانہ میں اتوار کو ایک ورچوئل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے یہ اعلان کیا ۔ وزیر اعلی عہدہ کے امیدوار کے طور پر چرنجیت سنگھ کے نام کا اعلان ہونے کے بعد انہوں نے اسٹیج سے کہا : میرا آپ کی مہربانی سے سب کام ہورہا ہے، کرتے ہو تم کنہیا میرا نام ہورہا ہے ۔ چننی نے مزید کہا کہ یہ بہت بڑی لڑائی ہے جو میں اکیلا نہیں لڑسکتا ۔ نہ میرے پاس پیسہ ہے نہ اتنی ہمت ہے ۔ ہمت بھی پنجاب کے لوگ دیں گے ، سب کچھ پنجاب کے لوگ کریں گے ۔ اس سے پہلے راہل گاندھی نے چننی کو عوام کا وزیر اعلی بتایا اور کہا کہ ان میں انا نہیں ہے ۔ وہ عوام کے درمیان جاتے ہیں۔ خیال رہے کہ پنجاب کی سبھی 117 اسمبلی سیٹوں پر 20 فروری کو ایک مرحلہ میں انتخابات ہوں گے ۔ ووٹوں کی گنتی 10 مارچ کو ہوگی ۔