کرناٹک : اپنگنڈی سرکاری کالج کی چھ طالبات کو حجاب پہننے پر کیا گیا معطل۔ 12 طالبات کو بھیجا گیا گھر

04:26PM Thu 2 Jun, 2022

اپنگنڈی : 2 جون،2022 (ذرائع)  دکشن کینرا ضلع میں افسران نے کئی بار تنبیہ کے باوجود حجاب پہننے پر آج  جمعرات کے روز ایک کالج کی چھ طالبات کو معطل کر دیا ہے  جبکہ ایک  دوسرے کالج میں 12 طالبات کو کلاس سے واپس گھر بھیج دیا گیا ہے۔ کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ  حجاب گائیڈلائنس کی بار بار خلاف ورزی کرنے پر اپیننگڈی گورنمنٹ پری-یونیورسٹی کالج کی چھ طالبات کو معطل کر دیا گیا ہے۔ کالج کے پرنسپل نے کالج کے ذمہ داران کے ساتھ میٹنگ کرنے کے بعد حجاب والی طالبات کو معطل کرنے کا فیصلہ لیا تھا۔ معطل 6 طالبات کو سرکاری حکم اور کلاسز میں حجاب پہننے پر روک لگانے والے ہائی کورٹ کے فیصلے کی جانکاری دی گئی۔ دوسرے واقعہ میں ہمپن کٹے کے پاس منگلورو یونیورسٹی کالج کے پرنسپل نے حجاب پہن کر آئیں 16 طالبات کو کلاس میں جانے کی اجازت نہیں دی اور انھیں گھر واپس بھیج دیا۔کالج کے افسران نے بتایا کہ سنڈیکیٹ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ اس سے پہلے بدھ کو طالبات ضلع کمشنر کے دفتر گئی تھیں اور حجاب پہن کر کلاس میں داخل نہیں ہونے دینے کی شکایت کی تھی۔ کمشنر نے انھیں حکومت کے ضابطوں اور عدالت کے احکام پر عمل کرنے کی صلاح دی۔ حالانکہ طالبات نہیں مانیں اور جمعرات کو حجاب پہن کر کالج پہنچ گئیں۔ اڈپی پری-یونیورسٹی گورنمنٹ گرلس کالج کی 6 طالبات کے ذریعہ شروع کیا گیا حجاب تنازعہ ریاست میں بین الاقوامی سطح پر سرخیاں بٹور رہا ہے۔ اس معاملے کی سماعت کے لیے تشکیل ہائی کورٹ کی خصوصی بنچ نے کلاسز میں حجاب سمیت کسی بھی مذہبی علامت والی چیز پہن کر کلاس میں جانے کے خلاف فیصلہ سنایا تھا۔ عدالت نے اسکولوں میں حجاب پہننے کی اجازت مانگنے والی طالبات کے ذریعہ داخل عرضی کو بھی خارج کر دیا تھا۔