طوفان ٹاوکٹے کا اثر: بھٹکل میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ زور دار بارش کا سلسلہ جاری۔ سمندری لہروں میں زبردست اچھال

11:55AM Sat 15 May, 2021

بھٹکل: 15 مئی،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بحر عرب میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب  اٹھنے والا طوفان ٹاوکٹے آج صبح ساحلی کرناٹک سے ٹکرا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک طرف کرناٹک کے ساحلی اضلاع میں زور دار ہواؤں کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے تو وہیں دوسری طرف سمندری لہروں میں طغیانی کیفیت پیدا ہوگئی ہے اور سمندر کا پانی ساحل سے ٹکراکر راستوں پر آرہا ہے۔ بھٹکل کی بات کی جائے تو یہاں تیز ہواؤں کے نتیجے میں کئی مکانات کی چھتیں اڑ گئی ہیں جبکہ تینگن گنڈی، بندر، نستار، کریکل، جالی وغیرہ میں سمندر کی لہروں میں خوب اچھال دیکھنے مل رہا ہے جس کی وجہ سے سمندر کا پانی ساحل کو عبور کرتے ہوئے راستوں اور قریب میں واقع مکانات تک پہنچ رہا ہے۔ خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز عوام کو خبر دار کرتے ہوئے کہا تھا  کہ طوفان ٹاوکٹے سنیچر کی صبح کرناٹک کے ساحل سے ٹکرائے گا،  اس دوران بادلوں اور بجلیوں کے کڑکنے کے ساتھ طوفانی ہوائیں چلیں گی اور بھاری برسات بھی ہوگی۔  محکمہ موسمیات نے اگلے دو دنوں تک اس طرح کے موسم ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے عوام اور بالخصوص بچوں کو کمزورعمارتوں، خطرناک حالت میں نظر آنے والے الیکٹرک کے کھمبوں اور درختوں وغیرہ سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریاست میں طوفان سے متاثرہ علاقوں میں این ڈی آر ایف کی ٹیمیں پہنچ کر طوفان میں پھنسے افراد کو نکالنے کا کام کررہی ہیں۔