ایران نے ’سٹیلتھ طیارہ بنا لیا

03:06PM Sun 3 Feb, 2013

ایران نے ’سٹیلتھ طیارہ بنا لیا ایران نے ایک نیا ملکی ساختہ جہاز بنایا ہے جس کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ ریڈار سے بچ سکتا ہے۔ ایک نشست والے اس جہاز کو قاہر ایف 313 کا نام دیا گیا ہے، اور یہ 2007 میں ایرانی فوج کی جانب سے آزرخش نامی جنگی جہاز کی تیاری کے بعد سے تازہ ترین اختراع ہے۔  
صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ اس نے دنیا کے جدید ترین جہاز کی ’تمام مثبت خصوصیات‘ حاصل کر لی ہیں۔ انھوں نے کہا، ’ایران کی قومی فوجی طاقت بچاؤ اور دفاعی مقاصد کے لیے ہے۔‘ انھوں نے تہران کے ایک ہوائی اڈے سے سرکاری ٹیلی ویژن پر ہفتے کے دن تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا وہ اس جہاز کو ’دنیا کے جدید ترین جہازوں میں سے ایک‘ سمجھتے ہیں۔ سرکاری ٹیلی ویژن پر جہاز کی تصویریں دکھائی گئی ہیں، جن میں ایک خاکستری رنگ کا جیٹ دکھایا گیا ہے، جس کے بارے میں ایران کی وزیرِ دفاع احمد وحیدی نے کہا کہ اسے ’جدید میٹریل‘ سے بنایا گیا ہے اور اسے ریڈار سے شناخت کرنا بہت مشکل ہے۔ یہ تقریب انقلابِ ایران کی 34ویں سالگرہ کے موقعے پر منعقد کی گئی، جس میں امریکی پشت پناہی سے قائم شاہ کی حکومت کو گرا کر اسلامی حکومت قائم کی گئی تھی۔ ایران نے رواں ہفتے ہی میں دعویٰ کیا تھا کہ اس نے پیش گام نامی راکٹ کی مدد سے خلا میں کامیابی سے بندر بھیجنے کا تجربہ کیا ہے اور یہ راکٹ 120 کلومیٹر بلند مدار تک پہنچا تھا۔ مغربی ممالک نے اس کے جواب میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایران کا خلائی پروگرام طویل مار میزائل بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے جنھیں ممکنہ طور پر جوہری اسلحہ لے جانے کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔ ایران اس کی تردید کرتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف پرامن مقاصد کے لیے ہے۔
BBC