امریکی ادارے ’ایف ڈی اے‘ نے فائزر کی کورونا ویکسین کی منظوری دیدی
03:16PM Sat 12 Dec, 2020
واشنگٹن:
امریکا نے بھی ملکی دوا ساز کمپنی فائزر اور جرمنی کی بائیوٹیک کمپنی کے اشتراک سے تیار کی جانے والی کورونا ویکسین کی منظوری دیدی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ادارے برائے غذا و دوا ’’ ایف ڈی اے‘‘ کے کمشنر ڈاکٹر اسٹیفن ہان کی جانب سے جاری بیان میں فائزر کی کورونا ویکسین کو محفوظ قرار دیتے ہوئے ہنگامی استعمال کے لیے منظوری دیدی۔
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن دوا کا معیار جانچنے کا معتبر ادارہ ہے جس سے منظور ہونے والی دوا دنیا بھر میں قابل بھروسہ سمجھی جاتی ہے۔ درجن سے زائد ویکسینز کی دوڑ میں فائزر نے ایف ڈی اے سے منظوری لیکر سبقت حاصل کر لی ہے۔
فائزر اور بائیوٹیک کے اشتراک سے تیار ہونے والی کورونا ویکسین کی اجازت سب سے پہلے برطانیہ دی جہاں ویکسینیشن کا عمل بخوبی جاری ہے، اس کے بعد بحرین نے بھی ہنگامی اجازت دی جب کہ کینیڈا اور سعودی عرب میں بھی اس ویکسین کا جلد استعمال شروع کیا جائے گا۔
دنیا بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں ممالک میں امریکا سرفہرست ہے جہاں اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے زائد ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 87 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں اس ہلاکت خیز وبا کی ویکسین کی تیاری جاری ہے، چین کی ویکسین کے ٹرائل بھی کئی ممالک میں جاری ہیں اس کے علاوہ روس نے بھی مقامی سطح پر تیار کردہ ویکسین کا استعمال شروع کردیا ہے۔