بہار پہنچتے ہی اپنے خاص انداز میں نظر آئے لالو پرساد، پٹنہ کی سڑکوں پر چلائی کھلی جیپ
03:57PM Wed 24 Nov, 2021
بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور اہم اپوزیشن پارٹی راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) سربراہ لالو پرساد یادو عام طور پر سیاست میں اپنے الگ انداز کے لیے مشہور ہیں۔ اس کی بانگی ایک بار پھر بدھ کے روز دیکھنے کو ملی جب وہ اچانک پٹنہ کی سڑکوں پر کھلی جیپ چلاتے نظر آئے۔
بدھ کی صبح لالو پرساد یادو پٹنہ کی اپنی سرکاری رہائش سے خود کھلی جیپ چلاتے نکلے اور کچھ دور تک گئے۔ اس کے بعد واپس اپنی رہائش لوٹ آئے۔ اس دوران ان کے ساتھ کچھ لیڈر اور سیکورٹی اہلکار بھی تھے۔ لالو یادو نے بتایا کہ انھوں نے کئی سالوں کے بعد آج اپنی پہلی گاڑی کو چلایا۔
لالو یادو نے اس کی ویڈیو بھی خود اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے پوسٹ کی ہے اور ساتھ ہی ایک پیغام بھی لکھا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’آج سالوں بعد اپنی پہلی گاڑی کو چلایا۔ اس دنیا میں پیدا ہوئے سبھی لوگ کسی نہ کسی طور پر ڈرائیور ہی تو ہیں۔ آپ کی زندگی میں محبت، خیر سگالی، بھائی چارہ، خوشحالی، امن، صبر، انصاف کی شکل والی گاڑی سب کو ساتھ لے کر ہمیشہ مزے سے چلتی رہے۔‘‘
आज वर्षों बाद अपनी प्रथम गाड़ी को चलाया।
इस संसार में जन्मे सभी लोग किसी ना किसी रूप में ड्राइवर ही तो है। आपके जीवन में प्रेम, सद्भाव, सौहार्द, समता, समृद्धि, शांति, सब्र, न्याय और खुशहाली रूपी गाड़ी सबको साथ लेकर सदा मजे से चलती रहे। pic.twitter.com/G6x3JrCNlO — Lalu Prasad Yadav (@laluprasadrjd) November 24, 2021
غور طلب ہے کہ چارہ گھوٹالہ میں قصوروار ٹھہرائے گئے لالو پرساد ان دنوں ضمانت پر جیل سے باہر ہیں۔ بیمار ہونے کی وجہ سے لالو اس وقت سیاست میں زیادہ سرگرم نہیں ہیں، لیکن ٹوئٹر کے ذریعہ وہ سیاست میں سرگرم رہتے ہیں۔ بہار میں شراب بندی قانون کو لے کر ان دنوں لالو پرساد لگاتار نتیش حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔