کرونا وائرس :سعودی عرب کا کامیاب حج کے بعد عمرہ کی اجازت دینے پر غور
04:39PM Tue 4 Aug, 2020
سعودی عرب اس مرتبہ کرونا وائرس کی وَبا کے تناظر میں غیر معمولی حالات میں حج کے کامیاب انعقاد کے بعد اب سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ عمرے کی اجازت دینے پر بھی غور کررہا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کے انڈر سیکریٹری ڈاکٹر حسین الشریف نے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ آیندہ دو ہفتوں کے دوران میں تمام حج انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔عازمینِ حج کے لیے کووِڈ-19 کی وبا کے دوران میں حفظان صحت،ان کے قیام وطعام اور نقل وحرکت کے لیے کیے گئے انتظامات سے حاصل شدہ اسباق کو مرتب کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے فروری میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے غیرملکیوں کے مکہ مکرمہ میں عمرے کے لیے اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں داخلے پر پابندی عاید کردی تھی۔چار مارچ کو سعودی حکومت نے مملکت میں مقیم اپنے شہریوں اور مکینوں کا عمرہ بھی معطل کردیا تھا۔
عمرہ کی عبادت کعبۃ اللہ کے طواف اور صفا اور مروہ کی پہاڑیوں کے درمیان سعی پر مشتمل ہے۔ عمرہ چند گھنٹے میں پایہ تکمیل کو پہنچ جاتا ہے لیکن یہ حج کی طرح ہر صاحب استطاعت مسلمان پر فرض نہیں ہے اور نہ اس کے مخصوص ایام ہے بلکہ یہ سارا سال کسی بھی وقت کیا جاسکتا ہے۔