ایڈی یورپا اپنے عہدے سے ہوئے مستعفی: نیا وزیر اعلیٰ چنے جانے تک  عہدے پر رہیں گے برقرار

10:00AM Mon 26 Jul, 2021

بینگلورو: 26 جولائی، 21 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  ریاست کرناٹک میں دو سال  تک وزیر اعلیٰ کی کرسی پر فائز رہنے والے78 سالہ بی ایس  یڈی یورپا نے آخر کار آج گورنر کو اپنا استعفی سونپتے ہوئے کرسی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے آج ظہرانے کے بعد راج بھون پہنچ کر گورنر تاور چند گہلوت  کو استعفی پیش کیا جس کو گورنر نے  فوری قبول کرتے ہوئے ان کا متبادل ملنے تک کام کرنے کی درخواست کی ۔اس موقع پر ان کے ساتھ ڈپٹی چیف منسٹر لکشمن ساوڈی، وزیر داخلہ و قانون بسوراج بومائی، وزیر صحت ڈاکٹر کے سدھاکر بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ بی ایس ایڈی یورپا جولائی 2019 میں ایچ ڈی کمار سوامی کی  قیادت والی مخلوط حکومت کوگراکر وزیر اعلیٰ بنے تھے جس کے لیے کانگریس اور (جے ڈی ایس) پارٹی سے 17 مستعفی وزراء نے ان کا ساتھ دیا تھا ۔ اس موقع پر بی ایس ایڈی یورپا نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنا استعفی خود سے دیا ہے ان پر کسی کا بھی کوئی دباؤ نہیں ہے ۔ انہوں نے  ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ دو مہینے پہلے ہی استعفی دینے والے تھے لیکن ان پر دو سال مکمل کرنے کے لیے دباؤ تھا۔ اس موقع پر ایڈی یورپا نے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ان پر بھروسہ کرتے ہوئے 75 سال کی عمر میں بھی ان کو وزیر اعلیٰ کا عہدہ دیا۔ ایڈی یورپا نے واضح کیا کہ وہ پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے آئندہ بھی  کام جاری رکھیں گے اور 2023 کے اسمبلی انتخابات   میں پارٹی  کو اقتدار پر لانے کی پوری کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب کوئی عہدہ قبول نہیں کریں گے بلکہ پارٹی کے عام کارکن کی طرح ہی کام کریں گے۔ وہیں کرناٹک کے نئے وزیر اعلی کی ریس میں بھی بی جے پی کے کچھ لیڈروں کا نام سامنے آرہا ہے ۔ ان میں پرہلاد جوشی ، بی ایل سنتوش ، سی ٹی راو ، ایم آر نرانی ، باسوراج بومئی ، اروند بیلاڑ اور باسن گوڑا پاٹل وغیرہ کے نام اہم ہیں ۔