عوام نفرت کی سیاست کو ختم کرنے سامنے آئیں اور ووٹ کا صحیح استعمال کریں: ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کے ریاستی صدر طاہر حسین کا بیان

01:18PM Sun 25 Oct, 2020

بھٹکل: 25 اکتوبر، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) "پورے ملک کی سیاست پر اس وقت نظر دوڑائی جائے تو ہر جگہ نفرت کی سیاست دیکھنے کو ملے گی۔ موجودہ ریاستی اور مرکزی حکومت عوام کی مدد کرنے کے بجائے انتخابات کی تشہیر میں لگی ہوئی ہے۔ اس لیے عوام کو چاہئے کہ عوام ایسی حکومتوں کو سبق سکھائیں اور آئندہ انتخابات کے وقت ان چیزوں کو دھیان میں رکھ کر اپنا قیمتی ووٹ استعمال کریں"۔ ان خیالات کا اظہار ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کے ریاستی صدر ایڈوکیٹ طاہر حسین نے کیا وہ آج عصر بعد بھٹکل کے پارٹی دفتر میں منعقد اخباری کانفرنس میں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب تھے۔ انہوں نے سیلاب کے بعد کیے گئے اپنے دورے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کلبرگی میں سیلاب سے متاثر کئی علاقے ایسے ہیں جہاں ریاستی حکومت کی طرف سے اب تک کوئی مدد نہیں پہنچی ہے اور نہ ہی مرکزی حکومت کا کوئی نمائندہ وہاں مدد کو پہنچا ہے۔ موصوف نے ریاستی اور مرکزی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ سب ووٹوں کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں اور اس نازک دور میں عوام کی مدد کرنے کے بجائے انتخابی تشہیر میں پیسہ لٹاکر جھوٹے وعدے کر رہے ہیں۔ ایڈوکیٹ طاہر حسین نے بہار میں انتخابی ریلی میں کوڈ کی مفت ویکسین کے وعدے پر طنز کستے ہوئے کہا کہ اگر وزیر اعظم کو عوام کی اتنی ہی فکر ہوتی تو وزیر اعظم قوم کے نام اپنے خطاب میں اس کا تذکرہ کرتے لیکن انہوں نے وہاں نہیں کیا بلکہ انتخابی ریلی میں اس کا اعلان کیا گیا جس سے وزیر اعظم اور ان کی پارٹی کی سوچ کا پتہ چلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پہلی مرتبہ کے سیلاب اور اس مرتبہ کے سیلاب میں حکومت کی طرف سے صرف دس سے بیس فیصد ہی تعاون پہنچا ہے اور باقی سب باتیں ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان سیاست دانوں کی چالوں کو سمجھیں اور موقع ملنے پر انہیں سبق ضرور سکھائیں۔ اس اخباری کانفرنس میں ڈاکٹر نسیم خان، جناب عبدالجبار اسدی، جناب یونس رکن الدین اور پارٹی کے دیگر ذمہ دارا موجود تھے۔