بینکس کی نجی کاری کے خلاف یونائٹیڈ فورم آف بینکس یونین کی اپیل پر اترکینرا میں بھی بینک کی خدمات متاثر

03:21PM Mon 15 Mar, 2021

بھٹکل: 15 مارچ، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) مرکزی حکومت کی طرف سے بینکوں کی نجکاری کے فیصلے کے خلاف یونائٹیڈ فورم آف بینکس یونین (یو ایف بی یو) کی اپیل پر ملک کے بینک دوروزہ ہڑتال پرچلے گئے ہیں جس کا آج سے آغاز ہوچکا ہے۔ ملک کے دیگر مقامات کی طرح بھٹکل اور اتر کینرا میں بھی  بینک ملازمین، عہدیدار اور منیجرس اس ہڑتال میں بڑے پیمانہ پرجوش وخروش کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے  بینکنگ سرگرمیاں متاثر اور مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں۔ یونین کے لیڈران کا کہنا ہے کہ کل بھی  یہ ہڑتال جاری رہے گی۔  ان کا کہنا تھا کہ ان کی یہ  ہڑتال کسی بھی ملازم کے مطالبہ پر نہیں ہے۔ یہ ہڑتال نجی مفادات کے ہاتھوں میں بینکس کو جانے سے روکنے کے لئے کی جا رہی ہے۔ یہ ہڑتال عوام کو بچانے کے لئے کی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ یو ایف بی یو، 9 بینک ٹریڈ یونینوں جیسے اے آئی بی ای اے، اے آئی بی او سی، این سی بی ای، اے آئی بی او اے، بی ای ایف آئی، آئی این بی ای ایف، آئی این بی او سی، این او بی ڈبلیو اور این او بی او پر مشتمل تنظیم ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے دو عوامی شعبہ کے بینکس کی نجی کاری کے اعلان کے پیش نظر یو ایف بی یو نے 15 اور 16مارچ کو دو دن مسلسل احتجاج کی اپیل کی تھی۔