کرناٹک اسمبلی انتخابات: ووٹنگ کا عمل مکمل، بیشتر ایگزٹ پول میں کانگریس سب سے بڑی پارٹی۔معلق اسمبلی کا بھی امکان
02:09PM Wed 10 May, 2023

بینگلورو: 10 مئی،2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کرناٹک میں 224 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ ابھی ووٹنگ کا حتمی فیصد سامنے نہیں آیا ہے، لیکن 5 بجے تک 65.69 فیصد ووٹنگ ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ اس درمیان مختلف ٹی وی چینلز پر ایگزٹ پول کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ بیشتر ایگزٹ پول میں کانگریس حکومت بناتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ کچھ ایگزٹ پول ایسے ضرور ہیں جہاں کانگریس کو ضروری نمبر یعنی 113 سے 5-4 سیٹیں کم ہیں، لیکن چند ایک کو چھوڑ کر سبھی ایگزٹ پول میں کانگریس سب سے بڑی پارٹی نظر آ رہی ہے لیکن چند ایک ایکزٹ پول میں بی جے پی کی جیت بھی دکھائی دے رہی ہے تو چند جگہوں پر جے ڈی ایس کو کنگ میکر بننے کا موقع ملتے ہوئے دکھایا جارہا ہے۔
Matrize کے ایگزٹ پول کے مطابق کرناٹک اسمبلی الیکشن میں کانگریس سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھر سکتی ہے اور اس کو 103 سے 118 سیٹیں ملنے کا امکان ہے جبکہ بی جے پی کو 79 سے 94 سیٹیں ملنے کی امید ہے ۔ ایگزٹ پول کے مطابق جے ڈی ایس کو 25 سے 33 سیٹیں مل سکتی ہے ۔ اس کے علاوہ دیگر کے کھاتے میں دو سے پانچ سیٹیں جاسکتی ہیں ۔
ریپبلک ٹی وی اور پی مارک کے ذریعہ جاری کرناٹک الیکشن ایگزٹ پول میں معلق اسمبلی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس میں حکمراں بی جے پی کو 85-100، کانگریس کو 94-108، جے ڈی ایس کو 24-32، جبکہ دیگر کو 2 سے 6 نشستیں ملنے کی امید ہے۔
TV-9 کے ایگزٹ پول نے بھی معلق اسمبلی کی پیشین گوئی کی ہے۔ ایگزٹ پول مطابق بی جے پی: 88 سے 98 سیٹیں، کانگریس: 99 سے 109 سیٹیں، جب کہ جے ڈی (ایس): 21 سے 26 سیٹیں حاصل کرتی نظر آ رہی ہیں۔
POLSTRAT پول کے نتائج کے مطابق کرناٹک میں بی جے پی کو 88-98 سیٹیں ملیں گی، جبکہ کانگریس کو 99-109 سیٹیں ملنے کی امید ہے۔ وہیں جے ڈی ایس کو 21-26 اور دیگر کو تقریباً 4 سیٹیں مل سکتی ہیں ۔
اس دوران کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر سدارمیا نے کہا کہ کرناٹک کے لوگوں کے رجحانات کو دیکھ کر لگتا ہے کہ کانگریس 130-150 سیٹیں جیت لے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے خلاف لوگوں میں غصہ ہے۔