ریزرویشن میں اضافے کی مانگ:ایڈی یورپا اپنے ہی وزراء کی لگائی ہوئی آگ کے گھیرے میں

10:09AM Wed 10 Feb, 2021

بنگلورو۔9فروری:کرناٹک کی 20ماہ پرانی بی جے پی حکومت ریاست کی تین بڑی ذاتوں کی طرف سے ریزرویشن کے مطالبہ کے سبب الجھن میں آگئی ہے۔ اس ریزرویشن کی مانگ کو بعض وزراء کی طرف سے حمایت وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کے لئے شرمندگی کا باعث بن گئی ہے۔ حالیہ دنوں میں لنگایت طبقہ کے ایک زمرے پنچم سالی کو پسماندہ طبقات کے 2Aزمرے میں شامل کرنے کی مانگ کی گئی۔کروبا فرقہ کی مانگ ہے کہ اس کو درج فہرست قبائل میں شامل کیا جائے۔ جبکہ درج فہرست قبائل میں شامل والمیکی کا مطالبہ ہے کہ اس فرقہ کو جو ریزرویشن حاصل ہے،اس کو 3فیصد سے بڑھا کر 7.5فیصد کیا جائے۔ کروبافرقہ جس کی ریاست میں آبادی9.3فیصد ہے اس کو دیگر104پسماندہ طبقات کو دئیے گئے ریزرویشن میں 15فیصد حصہ داری حاصل ہے-ایڈی یورپا کابینہ کے سینئر وزراء کی ریزرویشن میں اضافہ کی مانگ کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ان مانگوں کومتعلقہ فرقوں کے مٹھوں کے سربراہوں کی سرپرستی حاصل ہے۔ وزیر اعلیٰ کے کٹر سیاسی حریف ان کی وزارت میں جگہ نہ ملنے سے ناراض بسونا گوڑا پاٹل یتنال لنگایت طبقہ کے پنچم سالی زمرے کے ریزرویشن میں اضافہ کی تحریک چلا رہے ہیں۔ والمیکی فرقہ کے لئے تحریک وزیر برائے آبی وسائل رمیش جارکی ہولی کی طرف سے چل رہی ہے۔ کروبا فرقہ کو ایس ٹی کا درجہ دینے کی مانگ وزیر دیہی ترقیات ایشورپا کی قیادت میں کی گئی ہے۔ حالیہ اسمبلی اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کواس وقت یتنال کا عتاب جھیلنا پڑا جب وزیر اعلیٰ نے یہ بیان دیاکہ بی جے پی کوئی علاقائی سیاسی جماعت نہیں بلکہ قومی سیاسی جماعت ہے اور اس کے فیصلہ وزیر اعظم مودی اور دیگر قائدین سے مشورہ کر کے لئے جاتے ہیں۔ اس کو نشانہ بناتے ہوئے یتنال نے کہا کہ ریاستی حکومت کو اتنا اختیار تو ہے کہ وہ مرکزی حکومت سے سفارش کرے، اس ذمہ داری سے وزیر اعلیٰ دامن بچا نہیں سکتے۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے ریاست کے پسماندہ طبقات کمیشن کو ہدایت دی کہ زمرہ 2Aکے تحت پنچم سالی کو ریزرویشن دینے کے امکان کا جائزہ لے۔والمیکی فرقہ کے مطالبہ کا جائزہ لینے کے لئے سابقہ کانگریس و جے ڈی ایس مخلوط حکومت نے 2018ء کے دوران جسٹس ناگ موہن داس کمیشن قائم کیا تھا، تاکہ درج فہرست قبائل کو حاصل ریزرویشن کی شرح کو 15سے بڑھا کر 17فیصد تک بڑھایا جائے۔ کمیشن نے اس سلسلہ میں جولائی 2020کے دوران اپنی رپورٹ پیش کی۔ کانگریس کے بعض قائدین بشمول وی ایس اگرپا، ستیش جارکی ہولی،ای توکا رام کو والمیکی فرقہ سے وابستہ ہیں، ان کی نمائندگی کے بعد کمیشن کا قیام ہوا۔ اس کے لئے وزیر برائے سماجی بہبود بی سری راملو نے بھی دباؤڈالا تھا۔ جسٹس ناگ موہن داس نے اپنی رپورٹ میں ایس ٹی ریزرویشن بڑھانے کی سفارش اس شرط پر کی ہے کہ مجموعی ریزرویشن کی حد 50 فیصد سے باہر جانے نہ پائے۔اس مقصد کے تحت نومبر2020کے دوران کمیشن کی سفارشات کا جائزہ لینے کے لئے کابینہ کی ایک ذیلی کمیٹی قائم کی گئی۔