سعودی عرب کا عمرہ سیزن اور جی سی سی ممالک کے لیے اجازت نامے شروع کرنے کا اعلان

03:44PM Wed 12 Jul, 2023

الریاض: سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ سیزن کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے اور مملکت کے شہریوں، رہائشیوں اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے مکینوں کے لیے عمرہ اجازت ناموں کا اجراء شروع کر دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے خبر دی ہے کہ سعودی شہریوں اور مکینوں کے ساتھ ساتھ جی سی سی ممالک کے زائرین اب نُسُک یا توکلنا موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے عمرے کے ضروری اجازت نامے حاصل کرسکتے ہیں۔ ان موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے درخواستوں پر عمل درآمد مسلم عازمین حج کے تجربے کو بہتر بنانے اور سعودی ویژن 2030 کے مقاصد واہداف سے ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
نُسُک ایپلی کیشنز کو عمرہ زائرین کے اجازت نامے حاصل کرنے کے عمل کو آسان بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ گنجائش کے مطابق زائرین کو اجازت نامے جاری کیے جاسکیں۔ توکلنا پلیٹ فارم کے ساتھ نُسُک ایپلی کیشن کو ضم کر دیا گیا ہے۔ اس سے حکام اجازت نامے کے لیے درخواست دینے والے افراد کی صحت کی حالت کی تصدیق کرسکتے ہیں۔