عاشق سے ملنے ہندوستان میں داخل ہوئی پاکستانی خاتون نے قبول کیا ہندو مذہب، بچوں کے بھی نام بدلے

04:22PM Sun 9 Jul, 2023

نئی دہلی : پب جی سے شروع ہوئی ہندوستانی نوجوان اور پاکستانی خاتون کی محبت کی کہانی میں اب ایک نیا موڑ سامنے آیا ہے۔ پاکستانی خاتون غیر قانونی طور پر ہندوستان آنے کے بعد قانونی شکنجے میں ہے اور اس دوران اس نے دعویٰ کیا کہ اس نے ہندو مذہب اختیار کر لیا ہے۔ اس نے اپنے بچوں کے نام بھی ہندو عقائد کے مطابق بدل دئے ہیں۔ پب جی سے محبت میں گرفتار ہونے کے بعد پاکستان سے ہندوستان آئی خاتون سیما حیدر نے کہا کہ اس نے ہندو مذہب اختیار کر لیا ہے اور سچن کو اپنانے کیلئے اپنی مسلمان کنیت چھوڑ دی ہے۔ خاتون نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس نے اپنے نئے مذہب کے مطابق اپنے بچوں کے نام بھی بدل دئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوؤں اور مسلمانوں میں سیما ایک مشترکہ نام ہے اور اسی لئے سچن نے کہا کہ مجھے اپنا پہلا نام تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں اپنے آپ کو سیما یا سیما سچن کہہ سکتی ہوں۔ ہم نے اپنے بچوں کے نام بدل کر راج، پرینکا، پری اور مُنی رکھ دیا ہے ۔
حال ہی میں ضمانت پانے والی پاکستانی خاتون نے ہفتہ کے روز گریٹر نوئیڈا کے ربوپورہ میں واقع گھر میں اپنے ساتھی سچن مینا سے ملی۔ سیما حیدر، جو اب سیما مینا ہیں، کو غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہونے اور درست دستاویزات کے بغیر گریٹر نوئیڈا میں رہنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ منگل کو ایک مقامی عدالت نے اسے 14 دن کے لئے عدالتی تحویل میں بھیج دیا تھا اور حکم تھا دیا کہ اس کے چار بچے اپنی ماں کے ساتھ جیل میں رہیں گے۔
پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور سے تعلق رکھنے والی اس خاتون نے پہلے نیپال کا سفر کیا اور پھر 13 مئی کو پب جی پر ملنے والے اپنے بوائے فرینڈ سے ملنے کیلئے درست دستاویزات کے بغیر ہندوستان میں داخل ہوئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون نے مبینہ طور پر اپنے سفر کیلئے اپنی زمین کا ایک ٹکڑا فروخت کردیا، جس کی قیمت تقریباً 12 لاکھ روپے تھی۔
ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے سچن مینا نے کہا کہ ان کے خاندان نے سیما کو ان کے بچوں سمیت قبول کرلیا ہے۔ اس شخص نے وزیراعظم مودی اور یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے اپنی اہلیہ کو ہندوستانی شہریت دینے کی بھی اپیل کی۔