پی ایم مودی کی فیروزپور ریلی رَد، خراب موسم اور کسانوں کا احتجاج اہم وجہ
01:31PM Wed 5 Jan, 2022

تقریباً دو سال بعد انتخابی موسم میں پنجاب کے دورے پر گئے وزیر اعظم نریندر مودی کو سرحدی ریاست میں موسم اور کسانوں کا سامنا کرنا پڑا۔ نتیجتاً فیروزپور میں ہونے والی ان کی ریلی کو رد کر دیا گیا۔ وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’آج صبح وزیر اعظم کا طیارہ بھٹنڈا میں لینڈ ہوا جہاں سے وزیر اعظم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعہ حسینی والا واقع قومی شہید استھل جانا تھا۔ لیکن بارش اور موسم کی خرابی کے سبب ہیلی کاپٹر پرواز نہیں بھر سکا، کیونکہ وجیبلٹی کافی کم تھی۔‘‘
وزارت داخلہ نے کہا کہ تقریباً 20 منٹ تک انتظار کے بعد طے کیا گیا کہ وزیر اعظم سڑک کے راستے شہید اسمارک جائیں گے۔ اس سفر میں تقریباً دو گھنٹے لگنے والے تھے۔ لیکن راستے میں کسانوں کے احتجاج کے سبب راستہ بند تھا۔ وزارت داخلہ کے مطابق وزیر اعظم کا قافلہ تقریباً 20-15 منٹ تک فلائی اوور پر پھنسا رہا، جس کے بعد انھیں واپس بھٹنڈا ائیرپورٹ لوٹنا پڑا۔ وزیر داخلہ نے اسے وزیر اعظم کی سیکورٹی میں چوک کہا ہے۔