انجمن انجینیرنگ کالج میں تدریسی خدمات انجام دے چکے ڈاکٹر عبدالمجیب اسٹانفورڈ یونیورسٹی کی طرف سے جاری 2 فیصد عظیم سائنس دانوں کی فہرست میں ہوئے شامل
01:40PM Mon 7 Dec, 2020
جدہ: 7 دسمبر،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) سعودی عربیہ کی مؤقر یونیورسٹی جامعہ الامام عبدالرحمان ابن فیصل دمام نے اخباری بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق مذکورہ یونیورسٹی کے جملہ 14 اساتذہ کو امریکہ میں واقع دنیا کی معروف ترین اسٹانفورڈ یونیورسٹی نے اپنے سالانہ جاری ہونے والے بین الاقوامی سطح پر معروف 2 فی صد عظیم سائنسدانوں میں شامل کیا ہے جس میں ہندوستان کے کیرالہ کے رہنے والے ڈاکٹر عبدالمجیب (عبدالمجیبو) کا نام بھی شامل ہے ، جو صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے فخر کی بات ہے اس لیے کہ اسٹانفورڈ یونیورسٹی کی یہ تصدیق کسی بھی فرد یا یونیورسٹی کے لئے بہت بڑا اعزاز رکھتی ہے اور اپنے شعبہ میں ماہر افراد کو ہی یہ درجہ دیا جا تا ہے۔ڈاکٹر عبدالجیب کو یہ اعزاز ان کے تحریر کردہ 68 تحقیقی مقالوں کی وجہ سے دیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالمجیب عرصہ دراز تک انجمن انجینیرنگ کالج میں تدریسی خدمات انجام دے چکے ہیں جس کے بعد مزید کچھ کرنے کے جذبے نے انہیں سعودیہ کا رخ کروایا جہاں کی مؤقر یونیورسٹی جامعہ الامام عبدالرحمان ابن فیصل دمام میں وہ اس وقت اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔
ڈاکٹر عبدالمجیبو صاحب نے اپنی گریجویشن کے بعد انجمن انجینیرنگ کالج میں تعینات ہوئے۔ تدریسی فرائض کے ساتھ ساتھ ریسرچ کے ذریعے ایم۔ ایس۔ سی۔ کی ڈگری حاصل کی۔جس کے بعد مزید اعلیٰ تعلیم کے لیے وہ ملیشیا گئے جہاں انہوں نے پی۔ ایچ۔ ڈی۔ مکمل کی اور واپس انجمن سے وابستہ ہوئے۔
الغرض ڈاکٹر عبدالمجیب کا یہ جذبہ موجودہ دور کے نوجوانوں کے لیے قابل تقلید ہے ۔ انہیں بھی چاہئے کہ وہ گوشہ نشین ہونے کے بجائے ریسرچ کے میدان میں کوشش کریں اور دنیا میں اپنی قابلیت کا لوہا منوائیں۔
ادارہ بھٹکلیس ڈاکٹر عبدالمجیب کو دل کی اتاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہے کہ اللہ انہیں مزید ترقی نصیب کرے ، انہیں نظر بد سے بچائے اور ان سے ملک و ملت کی ترقی کا خوب کام لے۔آمین