ہائیڈرولک ریساو کے بعد ممبئی ایئرپورٹ پر طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ
04:07PM Sun 8 Nov, 2020
ممبئی ائیرپورٹ پر اتوار کی شام ایک طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ کی گئی ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق طیارہ کو تکنیکی خرابی کی وجہ سے ایمرجنسی لینڈنگ کی درخواست کے بعد ممبئی ایئرپورٹ پر محفوظ اتار لیا گیا ۔ طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ کے سگنل کے بعد احتیاط کے طور پر ممبئی فائر بریگیڈ محکمہ کے ذریعہ تین فائر انجن ، ایک ریسکیو وین اور دیگر ضروری گاڑیوں کو تعینات کیا گیا تھا ۔ طیارہ کی لینڈنگ کے بعد ممبئی ایئرپورٹ کے ترجمان نے بتایا کہ ایتھوپین ایئرلائنس کے ایک طیارہ کی اتوار شام کو لینڈنگ کی گئی ۔
ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ کے ترجمان نے کہا کہ ریاض سے بنگلورو کیلئے اڑان بھرنے والی ایتھوپین ائیرلائنس کی فلائٹ کیلئے فل ایمرجنسی اعلان کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہائیڈرولیک ریساو کی وجہ سے فلائٹ کو ممبئی میں محفوظ طور پر لینڈ کرایا گیا ۔ حالانکہ یہ گڑبڑی اڑان بھرنے سے پہلے ہی تھی یا پھر اڑان کے دوران پیدا ہوئی ، اس کی جانکاری فی الحال نہیں مل سکی ہے ۔
طیارہ کو محفوظ طریقہ سے لینڈ کرایا گیا اور طیارہ کے سبھی مسافر پوری طرح محفوظ ہیں ۔ ساتھ ہی ساتھ کسی دیگر قسم کے نقصان کی بھی کوئی خبر نہیں ہے ۔