بھٹکل بندر روڈ پر بند مکان کا تالہ توڑ کر اندر گھسے چور: قیمتی اشیاء نہ ملنے سے چوروں کو ہوئی مایوسی

02:19PM Fri 28 Jan, 2022

بھٹکل : 28 جنوری 22 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل بندر روڈ پر واقع ایک بند مکان کا تالہ توڑ کر چور اندر گھسنے میں کامیاب ہوگئے ہیں،   یہ  واردات آج جمعہ دوپہر کو سامنے آئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ  مکان محمد سلیم اکرمی کا ہے جو دو ماہ پہلے گھر کو تالہ ڈال کر اپنے اہل خانہ کے ساتھ  دبئی چلے گئے ہیں ۔ تاہم اس دوران ان کے اڑوس پڑو س کے لوگ درختوں کو پانی دینے اور گھر کی دیکھ ریکھ کرنے آیا کرتے ہیں ۔ اطلاع کے مطابق آج صبح جب  قریبی لوگوں نے مکان کا اگلا دروازہ کھلا دیکھا تو اندر جاکر پتہ لگایا جس کے بعد معلوم ہوا کہ چور وں نے قیمتی سامان کی تلاش میں چار الماریاں کھول دی ہیں اور ان میں موجود کپڑوں  کو بکھیر کر رکھ دیا ہے۔سمجھا جارہا ہے کہ چور قیمتی سامان اور زیورات کی تلاش میں آئے تھے لیکن یہاں کچھ بھی ہاتھ نہ آنے سے وہ مایوس ہوکر چلے گئے۔ پولس کو اطلاع ملتے ہی بھٹکل پی ایس آئی سوما اور پی ایس آئی ہنومانت کوڈگنتی سمیت دیگر اہلکار موقع واردات پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔  کاروار سے آئے  خصوصی دستے کی مدد سے بھی چھان بین کی جارہی ہے اور معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔