بھٹکل سرکاری اسپتال کو کویڈ مریضوں  کے علاج کے لیے کیا گیا تیار: نون کویڈ مریضوں کو کیا گیا دوسری نئی  عمارت میں منتقل

11:57AM Sun 25 Apr, 2021

بھٹکل: 25 اپریل، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست بھر میں پھیل رہی کورونا وبا کی دوسری لہر کے تناظر میں آج  رکن اسمبلی سنیل نائک کی قیادت میں بھٹکل تعلقہ اسپتال کو کویڈ مریضوں کے علاج کے بالکل مختص کردیا گیا ہے اور اسے پوری طرح تیار کرکے وہاں موجود مریضوں کو اسپتال کے سامنے واقع بی سی ایم ہوسٹل کی نئی عمارت میں منتقل کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں تعلقہ میڈیکل افسر ڈاکٹر سویتا کامت  نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ  گذشتہ دو تین دنوں سے تعلقہ میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جسے دیکھتے ہوئے ہم نے سرکاری اسپتال کو کورونا مریضوں کے لیے خاص کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کی وجہ سے  نون کویڈ مریضوں کو بی سی ایم ہوسٹل کی  نئی عمارت  میں منتقل کیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹروں اور نرسوں کی نگرانی  میں مریضوں کا تشفی بخش علاج ہوگا ۔ البتہ سرکاری اسپتال میں آئی سی یو، لیبرآپریشن ،  سرجری، ہارٹ کا مسئلہ وغیرہ ہونے پر دی جانے والی  سہولیات  پہلے کی ہی طرح جاری رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ  ہوسٹل والی عمارت میں اس وقت تیس بستروں کی سہولت  موجود ہے اور وہاں اب تک 21 مریضوں کو منتقل کیا گیا ہے، ضرورت پڑنے پر مزید 30 بستر لگائے جاسکتے ہیں۔ اسی طرح سرکاری اسپتال میں فی الحال کوویڈ کے 13 مریضوں کو داخل  کیا گیا ہے، ان میں سے چار مریضوں کی رپورٹ  آج  ہی پوزیٹیو آئی ہے ۔ ڈاکٹر سویتا نے بتایا کہ  بھٹکل میں اس کے علاوہ قریب 40  کورونا پوزیٹیو  مریض ہیں جنہیں کوئی علامت نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں ہی کورنٹائن کیا گیا ہے۔ البتہ جنہیں سانس لینے میں تکلیف ہے انہیں بھٹکل سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ اسپتال میں آکسیجن کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی سنیل نائک نے بھٹکل کے مسلمانوں کی کویڈ ٹیکہ کاری مہم میں حصہ داری کم ہونے کی شکایت کرتے ہوئے انہیں اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی بات کہی۔