عوامی شکایتوں کے بعد وزیر اعلیٰ یڈی یورپا نے کیا ماسک نہ لگانے پر لگنے والے جرمانے میں کمی کا اعلان: 250 اور 100 روپئے کا لگے گا جرمانہ

04:24PM Wed 7 Oct, 2020

بینگلورو: 7 اکتوبر،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ماسک نہ لگانے پر لگنے والے جرمانے میں اس ماہ کئے گئے زبردست اضافہ کے بعد عوام نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور اس میں مسلسل کمی کی مانگ کی جارہی تھی۔ اس کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ بی ایس یڈیورپا نے ان جرمانوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے حکومت کا نیا فرمان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب سے شہری حدود میں ماسک نہ لگانے پر 250 روپئے اور دیہی حدود میں ماسک نہ لگانے پر 100 روپئے کا جرمانہ لگے گا۔ اس سے قبل اس ماہ میں شہری حدود میں 1000 روپئے اور دیہات میں 500 روپئے جرمانہ لگانے کا اعلان کیا گیا تھا اور اس پر عمل بھی شروع ہوچکا تھا۔ وزیر اعلی نے اس اعلان کے بعد عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خود سے ماسک کی پابندی کریں اور ان تمام احتیاطی تدابیر کو اپنائیں جس سے کورونا کو ختم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔