Special workshop held in Bhatkal to create awareness about SIR: Speakers emphasize on taking precautionary measures

11:31AM Mon 13 Apr, 2026

بھٹکل، 13 اپریل،2025:(بھٹکلیس نیوز بیورو) الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے ووٹر لسٹوں کو اپ ڈیٹ، درست اور شفاف بنانے کے لیے کی جارہی مہم ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرِ ثانی (SIR) کے بارے میں لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے 'میرا ووٹ میرا حق'  ادارے کے ذمہ داران کے ساتھ  اتوار کے روزمشترکہ  اجلاس منعقد کیا گیا جس میں  اس تعلق سے ضلع بھر سے آئے نمائندوں کو جانکاری دیتے ہوئے انہیں اس سلسلے میں بیدار کرنے کی کوشش کی گئی۔
اس پروگرام  میں پی یو سی ایل کی آئشوریا اور میرا ووٹ میرا حق ادارے کے وِنئے سرینواس نے ایس آئی آر کے پورے عمل کو آسان انداز میں سمجھایا۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹر لسٹ بنانے کے مختلف مرحلے ہوتے ہیں جیسے ووٹروں کی گنتی، ابتدائی فہرست کی اشاعت، اعتراضات اور دعوے داخل کرنا اور آخر میں حتمی فہرست تیار کرنا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام کی میپنگ کروا کر ایس آئی آر کے عمل کو بروقت مکمل کیا جائے ۔ساتھ ہی انہوں نے شفاف اور منصفانہ انتخابات کے لیے درست اور مکمل ووٹر لسٹ کی اہمیت پر بھی زور دیااور اس تعلق سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ اس عمل میں کئی مسائل بھی سامنے آ رہے ہیں، جیسے واضح رہنمائی کی کمی، ضروری دستاویزات کی دشواری اور خاص طور پر خواتین اور مزدور طبقے کو پیش آنے والی مشکلات۔ انہوں نے زور دیا کہ کوئی بھی قابل ووٹر فہرست سے باہر نہ رہے، اس کے لیے احتیاطی اقدامات کرنا ضروری ہے۔
ورکشاپ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ’میرا ووٹ میرا حق‘ کے ذمہ دار ونئے سرینواس نے کہا کہ ایس آئی آر کے نام پر لاکھوں ووٹرز کو فہرست سے خارج کر کے انہیں شہری نہ ہونے کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے خلاف 15 اپریل کو ریاست بھر میں احتجاج کیا جائے گا اور حکومت کو یادداشت (میمورنڈم) پیش کی جائے گی۔


انہوں نے مزید کہا کہ ایس آئی آر کے ذریعے بعض کمیونٹیز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ’میرا ووٹ میرا حق‘ کی جانب سے ریاست بھر میں بیداری اجلاس منعقد کر کے تمام طبقات کے اہل ووٹرز کے نام ووٹر فہرست میں شامل کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ اس کے تحت رہنمائی مراکز قائم کیے جائیں گے اور بوتھ سطح پر رضاکاروں کو تعینات کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ووٹر کا نام فہرست سے خارج نہ ہونے پائے۔
پروگرام کی صدارت تنظیم کے صدر عنایت اللہ شابندری نے کی۔ جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر یاسین ملپے سمیت کئی اہم شخصیات، مختلف تنظیموں کے اراکین اور رضاکار موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت مبشر ہلارے نے کی۔