South India level Hifze Quraan Competition conclude

09:05PM Fri 3 Jan, 2025

بھٹکل، 3 جنوری،2025 (بھٹکلیس نیوز بیورو) جمعیت الحفاظ بھٹکل کے زیر اہتمام بھٹکل کے عیدگاہ میں بدھ اور جمعرات دو روز منعقد ہونے والے کل جنوبی ہند مسابقہ قرآن مجید کا  جمعہ کی شب کامیاب اختتام ہوا ، جس کے فائنل مقابلے میں مختلف زمروں  میں کل آٹھ ریاستوں  کے 40 طلبہ نے شرکت کی اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ یہ مقابلہ علیا  ، سفلی اور دیگر دو زمروں میں منقسم تھا۔

ان مقابلوں میں عُلیا گروپ میں مینگلور کے اقرا عربک اسکول کے حافظ توحید الرحمن ابن رضا الکریم نے اول مقام حاصل کیا، جبکہ سفلیٰ گروپ میں مہاراشٹرا کے اشاعت العلوم اکّل کوا کے حافظ حسّان ابن انور علی نے  پہلا مقام پایا، اسی طرح مینگلور تا گوا کے طلبہ کے درمیان  پندرہ پاروں کے مسابقے میں منکی کے حافظ عبداللہ انیس ابن شریف نے اول مقام  حاصل کیا تواسکول و کالجس کے طلبہ کے مابین دس پاروں کے مسابقے میں بھٹکل کے حافظ عمر ابن مرحوم فیاض گوائی نے سبقت حاصل کی۔

اسی طرح دیگر ممتاز حفاظ کرام کے اسماء گرامی حسب ذیل ہیں۔

  • عُلیا گروپ مکمل قرآن: دوم مقام حافظ محمد عرفات ابن حسین گوائی، سوم مقام حافظ احمد خزیمہ ابن مولانا مصدق ہلارے
  • سفلیٰ گروپ مکمل قرآن: دوم مقام حافظ احمد عباد ابن عبدالرحیم ائیکری، سوم مقام حافظ عبدالہادی ابن مولانا عرفان ندوی
  • پندر ہ پارے: دوم حافظ علی اذہان بن زکریا شریف ، سوم حافظ عصام بن زکریا برماور
  • دس پارے: دوم حافظ مطیع الرحمٰن ابن سالم صدیقی، سوم حافظ شیث ابن ظفراللہ شیخ

خیال رہے کہ عُلیا گروپ میں اول انعام 35 ہزار روپئے ، دوم انعام  تیس ہزار روپئے اور سوم انعام پچیس ہزار روپئے دیے گئے ۔اسی طرح سفلیٰ گروپ میں اول انعام عمرہ ٹکٹ، دوم انعام   35 ہزار روپئے اور سوم انعام تیس ہزار روپئے دیے گئے  اور مینگلور تا گوا کے مساہمین کے درمیان  پندرہ پاروں کے مسابقے میں اول انعام  پچیس ہزار روپئے، دوم انعام بیس ہزار روپئے اور سوم انعام پندرہ ہزار روپئے دیے گئے جبکہ اسکول وکالجس  کے دس  پاروں کے مقابلے میں اول انعام  30 ہزار روپئے، دوم انعام پچیس ہزار روپئے اور سوم انعام بیس ہزار روپئے دیے گئے۔

جمعیت الحفاظ کے صدر مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی کی صدارت میں پروگرام کامیابی سے مکمل ہوا، جبکہ جنرل سکریٹری مولانا عبداللہ شریح کوبٹے ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔