نندی گرام کے مہا مقابلہ میں ممتا بنرجی کی جیت ، بی جے پی کے شوبھیندو ادھیکاری کو 1200 ووٹوں سے ہرایا
12:57PM Sun 2 May, 2021
کولکاتہ : مغربی بنگال میں ممتا بنرجی ایک مرتبہ پھر اقتدار میں واپس آتی ہوئی نظر آرہی ہیں اور اس مرتبہ پچھلی مرتبہ سے بھی بڑی جیت کے ساتھ ۔ اب تک کے رجحانات کے مطابق ٹی ایم سی 212 سیٹیں جیتتی ہوئی نظر آرہی ہیں جبکہ بی جے پی کو 80 سے بھی کم پر اکتفا کرنا پڑ رہا ہے ۔ وہیں لیفٹ اور کانگریس کا صفایا ہوگیا ہے ۔
تاہم مغربی بنگال کا سب سے بڑا مقابلہ یعنی نندی گرام کا الیکشن ممتا بنرجی نے جیت لیا ہے ۔ یہ بنگال الیکشن کی سب سے ہائی پروفائل سیٹ تھی ۔ شروعات میں شوبھیندو ادھیکار کافی وقت تک اس سیٹ پر آگے تھے ، لیکن بعد میں ممتا نے سبقت حاصل کرلیا ۔ 16 ویں راونڈ میں ممتا بنرجی چھ ووٹوں سے پیچھے ہوگئی تھیں ، لیکن آخر تک آتے آتے انہوں نے نندی گرام کی جنگ 1200 ووٹ سے جیت لیا ہے
ممتا کو سیاسی لیڈران کی جانب سے مبارکباد پیش کرنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ این سی پی سربراہ نے ممتا بنرجی کو شردپوار نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہم مل کر عوام کی بھلائی کیلئے کام کرتے رہے ہیں اور آگے بھی کرتے رہیں گے۔ مشترکہ طور پر ہم کورونا کی وبا سے نمٹیں گے ۔ وہیں یوپی کے سابق وزیر اعلی اکھیلیش یادو نے ترنمول کانگری کو ٹویٹ کرکے مبارکباد دی اور کہا، نفرت کی سیاست کا رخ بنگال کی عوام نے موڑ دیا ہے۔ بی جے کو بنگال کے عوام نے منھ توڑ جواب دیا ہے۔ ممتا بنرجی کے خلاف جملے بازی کرنے والوں کو بنگال کے لوگوں نے بدلہ لیا ہے۔