’شکایتوں پر کارروائی نہیں ہوئی تو ڈائریکٹ سینئر پولیس افسران سے رابطہ کریں‘، کرناٹک ڈی جی پی کا سرکلر
02:37PM Fri 16 Jun, 2023

کرناٹک میں کانگریس حکومت تشکیل دیئے جانے کے بعد کئی طرح کی تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ نظامِ قانون کو بہتر بنانے کی سمت میں بھی کئی اقدام کیے گئے ہیں۔ اس تعلق سے کرناٹک کے ڈی جی پی نے ایک سرکلر جاری کیا ہے جسے عوام کے حق میں بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔
دراصل کرناٹک میں ریاستی باشندوں کی شکایتوں پر فوری کارروائی کرنے کے مقصد سے پولیس انتظامیہ نے ایک اہم پیش قدمی کی ہے۔ کرناٹک کے پولیس ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) آلوک موہن نے ایک سرکلر جاری کر کہا ہے کہ سبھی پولیس اسٹیشنوں میں سینئر پولیس افسران کے فون نمبروں والا ایک بورڈ لگایا جائے تاکہ کسی شکایت دہندہ کو ضرورت پڑے تو وہ براہ راست سینئر پولیس افسران سے رابطہ کر سکے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے کرناٹک ڈی جی پی آلوک موہن کے ذریعہ جاری سرکلر کے بارے میں ٹوئٹر پر جانکاری دی ہے۔ آلوک موہن نے اس سرکلر میں کہا ہے کہ ریاست کے سبھی پولیس اسٹیشنوں کو سینئر پولیس افسران کے فون نمبرات کا تذکرہ کرتے ہوئے ایک بورڈ لگانا ہوگا۔ اس سے ایسے لوگوں کو فائدہ ہوگا جن کی شکایتوں پر پولیس توجہ نہیں دیتی ہے۔ شکایت دہندہ کارروائی نہ ہونے پر ڈائریکٹ سینئر پولیس افسران سے رابطہ کر سکیں گے۔
امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ریاستی پولیس کے اس فیصلہ سے پولیس کے تئیں عوام کا اعتماد مضبوط ہوگا۔ اس سے ایسے لوگوں کو بھی فائدہ پہنچے گا جو پولیس میں موجود بدعنوانی کے سبب انصاف سے محروم رہ جاتے ہیں۔ ساتھ ہی پولیس کے جونیئر اہلکاروں میں بھی ایک خوف پیدا ہوگا کہ اگر شکایت دہندہ کی شکایتوں کا جلد ازالہ نہ کیا گیا تو سینئر پولیس افسران تک ان کی شکایت پہنچ جائے گی۔